کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں کالعدم تنظیمیں اور طالبان ملوث ہیں،نثار کھوڑو ، حکومت غافل نہیں ہے ٹارگٹڈکاروائیاں جاری ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں،سینئر وزیر تعلیم

منگل 15 اپریل 2014 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2014ء) سندھ کے سینئر وزیر نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں کالعدم تنظیمیں اور طالبان ملوث ہیں اور شہر میں غیرقانونی اسلحہ اور کالعدم تنظیمیں بدامنی کی بڑی وجہ ہے، حکومت غافل نہیں ہے ٹارگیٹیڈکاروائیاں جاری ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو سندھ بوائزاسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے ہیڈکواٹرزمیں لائف ایوارڈکی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

ایک سوال کے جواب میں نثاراحمدکھوڑو نے کہا کہ سادے لباس میں اہلکاروں کی جانب سے کسی کو بھی گرفتارکرنا اور قتل کرناایک جرم ہے ، ان واقعات میں کسی بھی پولیس افسر یا اہلکارکے ملوث ہونے کے ثبوت ملے تو ان کے خلاف مقدمہ دائر ہوسکتاہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں نثاراحمدکھوڑو نے کہا کہ متحدہ قومی مومنٹ کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دے دی ہیں اب یہ ایم کیوایم کے دوستوں پر منحصر ہیں کہ وہ کب سندھ حکومت میں شامل ہوتے ہیں تاہم پیپلزپارٹی تنہا اڑان کی حامی نہیں رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سال بھی ایم کیوایم کو ساتھ لے کر چلیں ہیں اور اب بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کا اتحادجمہوریت اور اداروں کو مزید مضبوط کرے گا۔انھوں نے کہا کے کراچی میں بلاتفریق ٹارگیٹیڈ آپریشن جاری ہے جو کہ صرف اور صرف دہشتگردوں کے خلاف ہیں جس میں کسی مخصوص علاقے یا کسی مخصوص جماعت کو نشانہ نہیں بنایا جارہا ۔انھوں نے کہا کہامن وامان کی مکمل بحالی تک یہ ٹارگیٹیڈ آپریشن جاری رہے گا۔