عوام کو ڈینگی انسداد بارے شعور و آگاہی کی فراہمی اور والنٹیرز کی رجسٹریشن کے لئے 9رکنی کمیٹی تشکیل،کمیٹی نے اب تک 49000والنٹیرز رجسٹرڈ کرلئے ہیں جنہیں ڈینگی کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی،تمام والنٹیرز ہر علاقہ میں شعور و آگاہی مہم چلائیں گے اور مریض افراد کا ڈیٹا اکٹھا کریں گے‘ صوبائی وزیر سماجی بہبود سید ہارون سلطان بخاری

منگل 15 اپریل 2014 20:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2014ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید ہارون سلطان بخاری نے کہا ہے کہ محکمہ سماجی بہبود نے صوبائی سطح پر چیف سوشل موبلائزر کی سربراہی میں 9رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو انسداد ڈینگی لاروے کی روک تھام اور لوگوں کو شعور و آگاہی فراہم کرے گی۔ قصر بہبود ماڈل ٹاؤن کے کمیٹی روم میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک کمیٹی نے تقریبا 49000 والنٹیرز رجسٹرڈ کرلئے ہیں جو حکومت کے دیگر اداروں کے ہمراہ ڈینگی یا دیگر قدرتی آفات بارے لوگوں کو گھر گھر جا کر معلومات فراہم کریں گے۔

ان والنٹیرز کو سرکاری رجسٹریشن کارڈ بھی جاری کئے جائیں گے۔ڈینگی کی روک تھام اور آگاہی کی فراہمی کے لئے صوبہ کے تمام شہروں کو سیکٹروں میں تقسیم کردیا گیا ہے تاکہ یہ والنٹیرز پہلے کی نسبت بہتر طریقہ سے کام سرانجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر کے تمام دفاتر کا اچانک دورے کا پروگرام مرتب کرلیا گیا ہے تاکہ افسران و اہلکاران کے کام اور حاضری بارے معلومات حاصل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر والنٹیرز اپنے اپنے سیکٹر میں ہسپتالوں ، ڈسپنسریوں اور لیبارٹریوں سے منسلک ہو جائیں گے تاکہ وہاں سے ڈینگی کے مریضوں بارے فوری ڈیٹا مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے افسران کو بھی پابند کیا جائے گا کہ مساجد میں ڈینگی کے حوالے سے لیکچر دیں تاکہ صفائی نصف ایمان کو فوقیت مل سکے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام سماجی بہبود کے دفاتر کوآن لائن کردیا گیا ہے جہاں سے ہر قسم کی معلومات فوری دستیاب ہوسکے گی۔ سید ہارون سلطان بخاری نے کہا کہ ڈینگی آگاہی مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر کیپٹن (ر) جہانزیب خان، ڈائریکٹر جنرل ، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :