”وہ اشتہارات چلاتے رہے ،ہم کام کرتے رہے“،سابق حکمرانوں نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں مجرمانہ غفلت کی‘شہبازشریف کی کڑی تنقید،منصوبے کی افتتاحی تقریب میں ناقدین کو بھی محبت سے شرکت کی دعوت دوں گا‘ وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 15 اپریل 2014 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے الحمرا ہال میں ”وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم“ کے تحت خواتین کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کے دوران سابق حکمرانوں کی جانب سے نندی پو رپاور پراجیکٹ میں تاخیر کی مجرمانہ غفلت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے دوران سابق حکمرانوں نے ٹی وی چینلز پر توانائی بحران کے حل کے حوالے سے میری تقریروں کے کلپس پر مبنی اشتہارات کی بھرمار کردی تھی اور بار بار میری تصویر بھی دکھائی جاتی رہی۔

لیکن سابق حکمرانوں کی حرص اور لالچ کے باعث نندی پور پراجیکٹ کی مشینری 3 برس تک کراچی کی بندرگاہ پر زنگ آلود ہوتی رہی اور منصوبے پر غریب قوم کے 27 ارب روپے کے اضافی وسائل خرچ کرنا پڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نندی پور کا منصوبہ 6 ماہ میں بحال کیا ہے اور اس منصوبے سے اگلے ماہ بجلی کی مرحلہ وار پیداوار کا آغاز ہوگا۔ آج میں بڑی محبت سے انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ نندی پور پاور پراجیکٹ کا دورہ کریں اور انشااللہ اگلے ماہ جب یہ منصوبہ بجلی کی پیداوار کا آغاز کرے گا تو میں انہیں تقریب میں آنے کی بھی دعوت دوں گااور بتائیں گے کہ اللہ کے فضل سے منصوبے کوکس قومی جذبے اورمحنت سے 6ماہ کے اندردوبارہ بحال کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے توانائی بحران کے حل کے حوالے سے چین کے تعاون کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے عوام کی مشکلا ت سے آگاہ ہے اورتوانائی بحران میں چین بہت تعاون کررہا ہے۔ خود روزگار سکیم کے انقلابی پروگرام پرہال میں موجود تمام خواتین نے کھڑے ہو کر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور بھرپور تالیاں بجائیں۔وزیراعلیٰ نے بلاسود قرضوں کے چیک حاصل کرنے والی خواتین سے ان کے مسائل دریافت کیے اورکہا کہ ان خوددار خواتین نے اپنے اور اپنے گھر والوں کے لیے باعزت زندگی گزارنے کا جو راستہ اپنا یا ہے اس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اوران کی ہمت اورحوصلے کی داد دیتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :