سندھ اسمبلی ،تحفظ پاکستان آرڈیننس کے خلاف قرارداد منظور نہیں ہوسکی

منگل 15 اپریل 2014 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2014ء) سندھ اسمبلی میں منگل کو پرائیویٹ ممبرز ڈے پر تحفظ پاکستان آرڈی ننس ( پی پی او ) کے خلاف قرار داد اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھی لیکن منظور نہیں ہو سکی ۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کے ارکان نے اپنے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے تحریک التواء مسترد ہونے پر احتجاج کر رہے تھے ۔ اس احتجاج اور شور شرابے کے دوران پی پی او کے خلاف قرار داد کی باری آئی ۔

(جاری ہے)

یہ قرار داد ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر کی جانب سے پیش کی گئی تھی ۔ اس سے پہلے اسی شور شرابے میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کی قرار داد منظور کی گئی لیکن ایم کیو ایم نے اپنی قرار داد نہ تو ایوان میں پیش کی اور نہ ہی قرار داد پیش کرنے کا موقع دینے کے لیے کہا ۔ شور شرابے میں اجلاس جمعہ تک ملتوی ہو گیا لیکن سیاسی حلقوں میں یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ اس قرار داد کی باری آنے پر اجلاس ملتوی ہونا کیا کسی منصوبہ بندی کاحصہ تھا ؟