پاکستان کے معاشی مستقبل کا انحصار ٹیکسوں میں اضافے سے منسلک ہے، اسحاق ڈار

منگل 15 اپریل 2014 16:34

پاکستان کے معاشی مستقبل کا انحصار ٹیکسوں میں اضافے سے منسلک ہے، اسحاق ..

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15اپریل 2014ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی مستقبل کا انحصار محصولات میں اضافے سے منسلک ہے اور اس حوالے سے ایف بی آر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اسلام آباد میں ایف بی آر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ محصولات جمع کرنے کے حوالے سے ایف بی آر کی کارکردگی قابل ستائش ہے لیکن ہمیں 2 ہزار 345 بلین روپے جمع کرنے کے ہدف کا چیلنج ہے اس کے لئے ہمیں دن رات کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک اقتصادی معاملات میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک کی معاشی حالت بہتر کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ دنیا ہماری اقتصادی اصلاحات کی تعریف کر رہی ہے، روپے کی قدر میں اضافے سے قرضوں میں 800 ارب روپے کی کمی ہوئی، 7 سال بعد بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، ہمارے بانڈ کو عالمی مارکیٹ میں زبردست پزیرائی ملی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیل اور گیس کا خزانہ چھپا ہوا ہے مگر بدقسمتی سے ہم ان ذخائر سے استفادہ نہیں کر سکے جس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو بے پناہ نقصان ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :