سینیٹ نے ریکوڈک معدنیات کے کنٹریکٹ کیلئے شفاف طریقے سے ٹینڈر کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی قرارداد منظور کرلی، ہمیں ملک کی ترقی کیلئے معدنیات کے ذخائر پر توجہ دینا ہو گی، سینیٹر حمد اللہ ،اسلام آبا د میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی قرارداد بھی منظور

پیر 14 اپریل 2014 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2014ء) سینیٹ نے بلوچستان میں ریکوڈک معدنیات کے کنٹریکٹ کیلئے شفاف طریقے سے ٹینڈر کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی پیر کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان سفارش کرتا ہے حکومت بلوچستان میں ریکوڈک معدنیات کے کنٹریکٹ کیلئے شفاف طریقے سے ٹینڈر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی کیلئے معدنیات کے ذخائر پر توجہ دینا ہو گی، ریکوڈک معدنیات میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخیرے ہیں، یہ معدنیات نکالنے کیلئے شفاف معاہدہ کیا جائے۔ حکومت کی طرف سے مخالفت نہ کرنے پر چیئرمین نے قرارداد ایوان میں پیش کی۔ ایوان نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دیدی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دور ان اسلام آبا د میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی۔

پیر کو ایم کیو ایم کے سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ حکومت اسلام آباد کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے چیئرمین سید نیئر حسین بخاری نے حکومت کی طرف سے قرارداد کی مخالفت نہ کرنے پر ایوان کی رائے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور قرار دیدی۔

متعلقہ عنوان :