خیبرپختونخوا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں،پرویزخٹک، بے آسراہونے والے یتماء، بیواؤں اور معذور افراد کیلئے ایسے ادارے قائم کئے جائیں گے جہاں انکی بحالی اور فلاح و بہبود کا موثر اور منظم بندوبست ہو گا ،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 14 اپریل 2014 22:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ماضی قریب میں دہشت گردی اور بد امنی کے واقعات کے دوران جان ومال کی لازوال قربانیاں دینے کے باوجودحوصلہ ہارنے کی بجائے عزم و ہمت کا چٹان ثابت ہونے پر خیبرپختونخوا کے عوام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ اب نہ صرف یہاں پائیدار امن و استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے بلکہ متاثرہ لوگوں بالخصوص بے آسراہونے والے یتماء، بیواؤں اور معذور افراد کیلئے ایسے ادارے قائم کئے جائیں گے جہاں انکی بحالی اور فلاح و بہبود کا موثر اور منظم بندوبست ہو گا اُنہوں نے کہا کہ ایسے خصوصی افراد کی کفالت اور بحالی حکومت اور معاشرے کا مشترکہ فرض بن جاتا ہے جس میں ہم ہر گز کوتاہی نہیں برتنے دیں گے جبکہ مخیر لوگ بھی اس سلسلے میں حکومت سے بھر پورتعاون کریں وہ فاؤنڈیشن برائے فلاح و بہبود مستحق بیوگان و خصوصی افراد کے ایک وفد سے باتیں کررہے تھے جس نے فاؤنڈیشن کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل (ر) علی قلی خان کی زیر قیادت اُن سے سی ایم ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور محکمہ سماجی بہبود اور تنظیم للسائل و المحروم کی معاونت سے قائم اس نئے ادارے کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی سے اُنہیں آگاہ کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبود ڈاکٹر مہر تاج روغانی ، مشیر برائے معاشی اُمور رفاقت الله بابراور فاؤنڈیشن کے دیگر ارکان بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ نے مختصر وقت میں فاؤنڈیشن کی پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحقین اور معذوروں کی بحالی کا اتنا مشکل کا م کوئی محکمہ اکیلے نہیں کرسکتا اور اس کیلئے اعلیٰ دل و دماغ کے ایسے ہی شخصیات کی ضرورت ہے اور مجھے اُمید ہے کہ علی قلی خان کی زیر نگرانی فاؤنڈیشن اپنے مشن میں جلد کامیاب ہو گا اور ہمیں بھی سرخروبنائے گاواضح رہے کہ یہ فاؤنڈیشن وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر خیبر پختونخوا ڈیزرونگ وڈوز اینڈ سپیشل پرسنز ویلفیئر فاؤنڈیشن ایکٹ2014 ء کی شق4کے تحت قائم کی گئی ہے جسکی رو سے صوبائی حکومت نے سرچ کمیٹی کی سفارشات پر علی قلی خان کی بحیثیت چیئر پرسن آف فاؤنڈیشن تقرری کی ہے جبکہ اسکے ممبران میں اسلم فاروق، سکندر خان(پریمیر شوگر ملز مردان)،ڈاکٹر فائزہ اصغر(سربراہ ہوپ اپ لفٹ فاؤنڈیشن)،ڈاکٹر مہر تاج روغانی،ڈاکٹر انیس الرحمن(ڈینٹل سرجن)، سیٹھ محمد رزاق( لکی سیمنٹ)،یوسف عبداللہ (سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو)،ملک عدیل خان(سابق صدرہری پور چیمبر آف کامرس)،پروین اعظم خان(دوست ویلفیئر فاؤنڈیشن)،ڈاکٹر ثانیہ نشتر(بانی و صدر ہارٹ فائل) اور ڈاکٹر محمد داؤد(آئی سپیشلسٹCHEFانٹر نیشنل) شامل ہیں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ مستحق افراد کی نشاندہی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پرمستحقین کی مالی معاونت کے لئے مستحقین کوائف اکٹھے کرنے سے متعلق انکی ہدایت پر خیبر پختونخوامیں مستحق بیواؤں اور خصوصی افراد کی بہبود کی فاؤنڈیشن نے اپنے اہداف کے حصول میں کافی پیش رفت حاصل کی ہے انہیں بتایا گیاکہ بینظیرپروگرام میں درج شدہ ایک لاکھ بیواؤں اور معذور افراد کے بارے میں تمام ضروری کوائف حاصل کر کے ان کا تجزیہ کیا گیا اور اہداف کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے جبکہ اس سلسلے میں مالی اخراجات پر کام جاری ہے وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں فاؤنڈیشن کو مالی طورپر خود کفیل بنانے کیلئے خطیر ابتدائی رقم کے ساتھ انڈونمنٹ فنڈ کے قیام کا جائزہ بھی لے گی اس موقع پر بتایا گیاکہ اس ضمن میں ایک آرڈیننس منظور،نافذ اور بعد ازاں ایکٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے صوبائی زکواة کونسل اور محکمہ خزانہ نے فاؤنڈیشن کیلئے25کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری بھی دی ہے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد میں صوبے میں حقدار بیواوٴں اور خصوصی افراد کی مالی امداد، فنی تربیت، اوزار، مشینیں اور رہائشی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں علی قلی خان نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت منتخب بیواوٴں کو 1200روپے ماہانہ فراہم کئے جا تے تھے جبکہ نئے فاوٴنڈیشن کے ذریعے بیواوٴں اور معذور افراد کو ماہانہ 2500روپے فی کس فراہم کئے جا ئیں گے پروگرام کے پہلے مرحلے میں 14735مستحق بیواوٴں اور 12900 معذور افراد کو2500روپے ماہانہ اور30000 روپے سالانہ فراہم کئے جائیں گے پرویز خٹک نے اس فلاحی پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس کے معاشرے پر دور رس اثرات مرتب ہونگے۔

متعلقہ عنوان :