انفارمیشن ٹیکنالوجی حکومتی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،شہرام خان تراکئی

پیر 14 اپریل 2014 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر ،وزیر صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان تراکئی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کو موجودہ دور کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ نہ صرف معلومات تک رسائی کے نظام کو موثر بناتا ہے بلکہ محکمہ جات کی کارکردگی میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں سمال اینڈمیڈیم انٹرپرائزز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(سمیڈا) کے ساتھ مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سمیڈا انتظامیہ کے علاوہ سیکرٹری آئی ٹی ظفر اقبال اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ شہنازشمشیر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر برائے صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی حکومتی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لہذااس کو مزید مستحکم بنانے کے لئے آئی ٹی بورڈ خیبر پختونخوا اب سمیڈا کے ساتھ طویل المعیاد اشتراک عمل سے کام کریں گے جس سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کارکردگی میں مزید کئی گنا بہتری آئے گی۔

شہرام خان تراکئی نے کہا کہ سمیڈا کے پی آئی ٹی بورڈ کے ساتھ مل کر تمام سرکاری امور سے متعلق معلومات براہ راست لوگوں کو پہنچائے گا جس سے عوام حکومتی کارکردگی سے متعلق ہر وقت معلومات حاصل کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :