وزیراعظم کی سینیٹ میں حاضری کیلئے قواعد میں ترمیم لانے کا فیصلہ

پیر 14 اپریل 2014 19:39

وزیراعظم کی سینیٹ میں حاضری کیلئے قواعد میں ترمیم لانے کا فیصلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2014ء) اپوزیشن نے وزیراعظم کو سینیٹ میں حاضری کا پابند بنانے کیلئے قواعد میں ترمیم لانے کا فیصلہ کر لیا۔ منظور ہونے کی صورت میں وزیراعظم ہفتے میں ایک بار ایوان بالا کے اجلاس میں شرکت کے پابند ہونگے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے کرنل ریٹائرڈ طاہر حسین مشہدی نے سینیٹ کے قواعد میں تبدیلی کے لیئے ترمیم سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جو آج کے ایجنڈے میں بھی شامل ہے۔

سینیٹ کے رول 61 میں ترمیم کی تجویز کو اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو بھی حمایت حاصل ہے۔ ترمیم میں زیرو آور کو وزیراعظم کے زیرو آور میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم سینٹ اجلاس کے دوران ہفتے میں کم سے کم ایک بار زیرو آور میں شرکت کر کے ارکان کے سوالات کا جواب دیں۔

(جاری ہے)

ترمیم میں قائد ایوان اور چیف وہپ کو وزیراعظم کی ایوان میں موجودگی کا پابند بنانے کی تجویز دی گئی ہے تاہم وزیر اعظم کی عدم حاضری کی صورت میں متعلقہ وزیر کو سوالات کے جوابات دینے کا پابند بنانے کا کہا گیا ہے۔

اے این پی کے سینیٹر زاہد خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ رولز میں ترمیم کیلئے قومی اسمبلی سے منظوری لینا ضروری نہیں۔ ترمیم ایوان میں پیش کئے جانے کے بعد اسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ سال حلف اٹھانے کے بعد سے آج تک سینیٹ کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم کی مسلسل عدم حاضری پر برہم ہیں اور وہ اس کا کئی بار اظہار بھی کر چکی ہیں

متعلقہ عنوان :