آٹے کی قیمت میں ایک روپے پچیس پیسے فی کلو اضافے کاخدشہ

پیر 14 اپریل 2014 19:39

آٹے کی قیمت میں ایک روپے پچیس پیسے فی کلو اضافے کاخدشہ

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2014ء) گندم کی امدادی قیمت بڑھنے کے بعد آٹا ایک روپے پچیس پیسے فی کلو مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ روز روز مرنے سے بہتر ہے حکومت ایک بار ہی غریبوں کو ختم کر دے۔صوبہ سندھ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبے کی حکمراں جماعت غریب کش اقدامات کر رہی ہے، کبھی آٹا، مہنگا تو کبھی دودھ،، غریب کہاں جائیں، ووٹ لیتے وقت جو وعدے کئے تھے وہ کیا ہوئے۔

(جاری ہے)

حکومت سندھ نے گندم کی امدادی قیمت پچاس روپے اضافے سے ساڑھے بارہ سو روپے پر پہنچا دی، جس کے بعد فلور ملز مالکان نے آٹا سوا روپے فی کلو مہنگا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔شہری کہتے ہیں پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کو بھول گئی کہ جس نے انہیں روٹی، کپڑا اور مکان دینے کا وعدہ کیا تھا۔عوام کا کہنا ہے کہ جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنے کے لئے حکومت سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی ممکن بنائے۔