پڑھا لکھا معاشرہ بالخصوص نوجوان ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں‘گورنر پنجاب

پیر 14 اپریل 2014 17:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اپریل 2014ء)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرو رنے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں تعلیم سمیت دیگر تمام شعبو ں میں انقلابی اصلاحات کے ذریعے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے- ملینیئم ڈویلپمنٹ گولز اور ایجوکیشن فار آل کے اہداف حاصل کر کے پاکستان میں عالمی معیار کی تعلیمی و تحقیقی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں- انہوں نے کہا کہ پڑھا لکھا معاشرہ بالخصوص نوجوان ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں اور حکومت اس مقصد کے لیئے نوجوانو ں کو اعلی تعلیم کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے -ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے پندرھویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا- اس موقع پر پاکستان میں جاپان کے سفارتخانہ کے قائم مقام سفیر مسٹر تکاشی کاٹے(Mr.Takashi Katae ) , آزر بائیجان , ازبکستان اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں, ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر مختار احمد, جامعات کے سربراہوں , ماہرین اور مختلف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں , یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیازاحمد, سیکرٹری زراعت پنجاب علی طاہر, سنیٹر نجمہ حمید, اراکین قومی اسمبلی ملک ابرار احمد, بیگم طاہرہ اورنگزیب , سیما جیلانی , اراکین پنجاب اسمبلی ملک افتخار احمد, راجہ محمد حنیف ایڈوکیٹ , راجہ شوکت عزیز بھٹی , تحسین فواد, لبنی ریحان , پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد حنیف عباسی , مقبول احمد خان , فیکلٹی ممبران, پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات, والدین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی -گورنر پنجاب نے کہا کہ ایک زرعی معیشت ہونے کی وجہ سے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے علاوہ تحفظ خوراک کے لیئے زراعت میں نئی ایجادات اور درپیش مسائل کے حل کی ضرورت ہے ․ اور اس مقصد کے لیئے بارانی زرعی یونیورسٹی دیہی علاقو ں میں بہتری کے لیئے رہنما ادارے کے طور پر کام کر رہی ہے ․ انہو ں نے کہا کہ زراعت کی ترقی کے لیئے ان علاقو ں میں توجہ مرکوز کی جائے جہاں زراعت صرف پانی کی دستیابی پر منحصر ہے ․ انہو ں نے کامیابی حاصل کرنے والے گریجویٹس ,ان کے والدین اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعلیمی اور تحقیقی شعبوں میں بارانی یونیورسٹی کی اعلی کارکردگی کو سراہا او رکہا کہ نوجوان ملک کی خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں اور انہیں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کر کے ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لا سکتے ہیں ․ گورنر نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان ملکو ں میں ہوتا ہے جہاں پانی کی قلت ہے اور مستقبل میں پانی کی قلت کے بحران سے نمٹنے کے لیئے ضروری ہے ایسی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے جس سے پانی کے بہتر سے بہتر استعمال کو یقینی بنا کر اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے ․ انہو ں نے کہا کہ یہ امر قابل تعریف ہے کہ خواتین تعلیم سمیت دیگر تمام شعبوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور یہ رجحان قومی ترقی کی علامت ہے -وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار موسمی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہیں․جس کے لیئے جدید زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے لیئے یونیورسٹی میں جدید تحقیق سے بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور زراعت کے جدید طریقوں سے کاشتکاروں کو روشناس کرایا جا رہا ہے ․ انہوں نے کہا کہ بارانی علاقوں کے کاشتکارو ں کے لیئے نئے بیج تیار کیے گئے ہیں , پانی کے موثر استعمال , ٹنل فارمنگ , زیتون و انگور کی کاشت , شتر مرغ فارمنگ کے لیئے نئے منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور یونیورسٹی کی طرف سے منرل واٹر پلانٹ بھی قائم کیا گیا ہے ․ انہو ں نے کہا کہ یونیورسٹی میں نئے شعبے قائم کیے گئے ہیں مختلف علاقو ں میں یونیورسٹی کے نئے کیمپس کھولے جا رہے ہیں اور عالمی معیار کے تحقیقی اداروں کے ساتھ معاہدے کیے جا رہے ہیں جس کے لیئے بارانی یونیورسٹی میں طلباء وطالبات کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو گا ․ تحقیق کا معیار بلند ہو گا اور معیاری تعلیم و تحقیق کی سہولیات کو فروغ دیا جائے گا ․ انہو ں نے کہا کہ سماجی شعبے میں یونیورسٹی کے طلباء وطالبات نے کارہائے نمایاں سرانجام دیےئے ہیں اور تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی اعلی اعزازات حاصل کیے ہیں ․ وائس چانسلر نے طالبات کے لیئے ہاسٹل کی تعمیر کے لیئے فنڈز کی فراہمی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا -قبل ازیں بارانی زرعی یونیورسٹی میں آمد کے بعد گورنر پنجاب کی موجودگی میں یونیورسٹی اور کوریا کے ادراے (کوٹیکا) کے مابین پاک کوریا زراعت او رلائیو سٹاک ٹیکنالوجی کے قیام کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے ․ گورنر پنجاب نے بارانی یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا اور یونیورسٹی کی طرف سے تیار کردہ منرل واٹر پلانٹ کا افتتاح کیا-