ایم کیو ایم چاہتی ہے الطاف حسین محفوظ رہ کر ہماری قیادت کریں، فیصل سبزواری

پیر 14 اپریل 2014 13:22

ایم کیو ایم چاہتی ہے الطاف حسین محفوظ رہ کر ہماری قیادت کریں، فیصل سبزواری

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اپریل 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ الطاف حسین نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی تجدید کی درخواستیں تو جمع کرادی ہیں تاہم ان کی خواہش ہے کہ وہ محفوظ رہتے ہوئے ہماری قیادت کریں۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی میں امن کے قیام کے لئے متحدہ قومی موومنٹ نے ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا تھا تحفظ پاکستان آرڈیننس کا نہیں، اس قانون پر ایم کیو ایم کو شدید تحفطات ہیں، ایک جانب 60 ہزار بے گناہوں کو قتل کرنے والوں کو رہا کیا جارہا ہے اور دوسری جانب سیاسی کارکن گرفتار ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بننے کو دیئے ہیں جو جلد بن جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ الطاف حسین پاکستان آکر خطرات میں گھرنے کے بجائے محفوظ رہ کر ہماری قیادت کرتے رہیں۔

بعد ازاں سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی میں تحفظ پاکستان آرڈیننس عملی طور پر نافذ ہے، شہر میں بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں میں سوار سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار لوگوں کو اٹھارہے ہیں اور انہیں 90،90 روز کے لئے نظر بند رکھا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے 45 لاپتہ کارکنوں میں سے 6 کی لاشیں ہم وصول کرچکے ہیں دیگر کے بارے میں بتایا جائے کہ انہیں کس ایجنسی نے اٹھایا ہے اور اس وقت وہ کہاں ہیں، اس کے علاوہ اگر ان کے خلاف مقدمات ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔