ثقلین مشتاق نے پھر پاکستان کیلیے خدمات پیش کردیں

پیر 14 اپریل 2014 13:10

ثقلین مشتاق نے پھر پاکستان کیلیے خدمات پیش کردیں

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اپریل 2014ء) اسپن ڈلیوی ’دوسرا‘ کے موجود ثقلین مشتاق نے ایک بار پھر پاکستان کیلیے اپنی خدمات پیش کردیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنا تجربہ نوجوان اسپنرز میں منتقل کرنے کی پیشکش کی ہے، بورڈ مشتاق احمد کے ساتھ بات چیت کے ساتھ دیگر آپشنز پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق اسپنر ثقلین مشتاق مختصر وقت کیلیے نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ کام کرچکے ہیں، اس دوران وہ کئی مرتبہ پاکستان کو بھی اپنی خدمات کی پیشکش کرچکے ہیں تاہم ان سے تاحال استفادہ نہیں کیا گیا ہے، اب جبکہ پی سی بی ایک اور سابق اسپن اسٹار مشتاق محمد کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے، ثقلین نے بھی اپنی دستیابی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

’ایکسپریس ٹریبون‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بورڈ کے ایک آفیشل نے کہا ہے کہ ثقلین مشتاق نے پاکستان کیلیے کام کرنے کی خاطر دستیابی ظاہر کی ہے، انھوں نے کہا کہ ثقلین مشتاق پاکستان کے ایک عظیم اسپن بولر رہے ہیں اور اب وہ بطور کوچ ایک بار پھر اپنے ملک کے کام آنا چاہتے ہیں، وہ مختصر معاہدوں پر کئی ممالک کے اسپنرز کے ساتھ کام کرچکے ہیں،37سالہ ثقلین نے 49 ٹیسٹ اور 169 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 208 اور 288 وکٹیں لیں، حال ہی میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے دوران ثقلین کی موجودگی سے ویسٹ انڈین کیمپ پر اچھا اثر پڑا اور وہ پاکستان کے خلاف 84 رنز سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

آفیشل نے مزید کہا کہ اس وقت بورڈ مشتاق احمد کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں مگر ساتھ میں دوسرے آپشنز پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں، بورڈ کے دروازے ان سابق کرکٹرز کیلیے کھلے ہوئے ہیں جوکہ کرکٹ کی بہتری میں کام آسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :