حکومت نے پختونوں کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،آفتاب احمد خان شیرپاؤ ، صوبہ کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوئی ویژن نہیں ، غلط پالیسیوں کی وجہ سے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے، چےئرمین قومی وطن پارٹی

اتوار 13 اپریل 2014 20:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نعروں پر اقتدار حاصل کرنے والوں نے پختونوں کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کے روزمٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپی ٹی آئی اورمسلم لیگ ضلع سوات کے کارکنوں اسرار خان،سردار علی خان، نوررحمان،موسیٰ خان،عرفان اللہ،یوسف خان،فرمان علی،خان محمد،روزی خان،رحیم اللہ،بشیر خان،غفار خان،شاہد خان،عبدالجبار،حضرت اللہ،محمد شیرعلی اورفضل رحیم نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس پختونوں اور صوبہ کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوئی ویژن نہیں اور ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صوبہ اور پختونوں کے مسائل میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے صوبے کو مہنگائی،بے روزگاری اورلوڈشیڈنگ کے علاوہ اقتصادی ومعاشی بحرانوں کا سامنا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ اورپختونوں کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا قیام ہے کیونکہ شدید بدامنی اور غیر یقینی کی وجہ سے صوبہ اور پختون ترقی کے دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ امن کا قیام اور شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے لہٰذاوہ امن کے پائیدار قیام اور پختونوں کی غیر یقینی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔انھوں نے مزیدکہا کہ امن کے قیام کیلئے جاری مذاکراتی کمیٹی میں پختونوں کے حقیقی نمائندوں اور فاٹا کے ارکان کو شامل کرناچاہیے ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ اور پختونوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے اوران کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنابھرپور کردار ادا کرے گی اور اس سلسلے میں قومی اور بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھائے گی ۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے آرگنائزر حاجی غفران،سابق صوبائی وزیر بخت بیدار خان ایم پی اے،فضل رحمان نونو،شیربہادرزادہ خان اور نصراللہ خان نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :