Live Updates

سیاسی مخالفین بے سروپا پراپیگنڈہ کر کے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، اشتیاق ارمڑ،کرپشن کی بناء پر صوبائی حکومت سے فارغ کئے جانیوالوں کے دامن کے داغ جھوٹے پراپیگنڈے سے نہیں مٹیں گے،لوٹی گئی عوامی دولت کی ایک ایک پائی واپس لیکر عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر لگائی جائیگی،صوبائی ترجمان تحریک انصاف

اتوار 13 اپریل 2014 20:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) تحریک انصاف کے صوبائی ترجمان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین تحریک انصاف کیخلاف بے سروپا بیانات دیکر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم عوام باشعور ہیں اور ان کے دھوکے میں مزید نہیں آئیں گے۔بلدیاتی انتخابات میں ہمارے سیاسی مخالفین کو ان کی اصل حیثیت کا پتہ چل جائیگا۔

ایک بیان میں اشتیا ق ارمڑ نے کہا کہ کرپشن کی بناء پر صوبائی حکومت سے فارغ کی جانیوالی پارٹی کے رہنمااور صوبے میں سابق حکمران جماعت کے افراد بھی تحریک انصاف حکومت کیخلاف بے سرو پا بیانات دے رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ایک جماعت کے رہنماؤں کو کرپشن کی بناء پرحکومت سے فارغ کیا گیا جس کی وجہ سے وہ آپے سے باہر ہو گئے ہیں اور اب اپنے دامن پر لگے داغ کو دھونے کیلئے ہمارے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہے ہیں تاہم وہ سن لیں کہ یہ داغ مٹائے نہیں مٹے گا۔

(جاری ہے)

ان کی کرپشن کے قصے تو پہلے بھی زبان زد عام تھے تاہم تحریک انصاف نے ان کا اصل چہرہ پوری دنیاکو دکھا دیا۔اسی طرح سابق حکمران جماعت جس کے وزیر اعلیٰ کرپشن کیس میں نیب کو صفائی دینے کیلئے پیش ہوئے اور ان کے بھائی اب بھی کیس کی زد میں ہیں ،ان عناصر کو تحریک انصاف سے اس بنیاد پر مخاصمت ہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف نے انہیں بد ترین شکست سے دوچار کیا۔

یہ لوگ تحریک انصاف پر ایسے مسائل پر تنقیدکر رہے ہیں جو مسائل یہ خود پانچ سالوں میں حل نہ کر سکے اور اب یہ لوگ تحریک انصاف حکومت کی بہتر کارکردگی سے خوفزدہ ہو کر بے سرو پا بیانات دے رہے ہیں۔اشتیاق ارمڑ نے مزید کہا کہ ڈیزل کے کاروبار میں ہاتھ منہ کالا کرنیوالے بھی تحریک انصاف کیخلاف بیان بازی میں مصروف ہیں،انہیں تحریک انصاف کی حکومت گرانے کا بہت شوق تھا کیونکہ یہ اقتدار کے بغیر سانس نہیں لے سکتے ۔

طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ان پر نہ وفاقی حکومت نے اعتماد کیانہ ہی طالبان نے ،اسی طرح وفاقی وزارتیں ملنے کے باوجود محکمے نہ ملنے اور اب ان کے وزراء کے مستعفی ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ ان کی سیاست ختم ہوتی جا رہی ہے ۔انھوں نے اسلام کے نام پر عوام کو جس قدر بیوقوف بنایااور اسلام کو جس قدر نقصان پہنچایااتنا کبھی یہودیوں نے بھی نقصان نہیں پہنچایا ہو گا،ان کے ہوتے ہوئے اسلام دشمنی کیلئے کسی یہودی سازش کی ضرورت نہیں۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ ایک ایک کر کے پورے کر رہی ہے اور پانچ سالوں کے بعد خیبر پختونخوا پورے ملک بلکہ دنیا کیلئے ماڈل ثابت ہو گا۔انھوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کو بلدیاتی انتخابات میں ان کی اصل حیثیت کا پتہ چل جائیگا۔انھوں نے کہا کہ جب یہ عناصر کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ناکام ہو گئی تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ یہ لو گ ہماری کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں۔اشتیاق ارمڑ نے مزید کہا کہ صوبائی احتساب کمیشن فعال ہوتے ہی چھوٹے اور بڑے دونوں قسم کے مگرمچھوں کا کڑا احتساب ہو گا اور کوئی کرپٹ شخص اس سے بچ نہیں سکے گا۔لوٹی گئی عوامی دولت کی ایک ایک پائی واپس لیکر عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر لگائی جائیگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات