Live Updates

پائیدار امن کے قیام اور بدامنی کے خاتمے کے لئے مذاکرات واحدآپشن ہے،سراج الحق،تحفظ پاکستان بل سے ملک کے تشخص کو نقصان پہنچے گا، وفاقی حکومت کسی کے ہاتھوں ٹریپ ہونے کے بجائے جمہوری رویہ اختیار کرے ،قیام امن کیلئے حکومت فراخ دلی کا مظاہرہ کرے ، پی ٹی آئی میں امیدوار زیادہ اور وزارتیں کم ہیں ،عابد شیرعلی کا خیبر پختون خوا کی بجلی بند کرنے کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے ، وفاقی حکومت دھمکی کا نوٹس لے ، پاکستان دشمن عناصر مذاکرات کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں ، حکومت اور فوج کا ایک صفحے پر ہونا ضروری ہے، نوجوان ملک کو سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے چنگل سے نجات دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،مرکزی امیرجماعت اسلامی

اتوار 13 اپریل 2014 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام اور بدامنی کے خاتمے کے لئے مذاکرات کے علاوہ اور کوئی آپشن سرے سے موجود ہی نہیں، حکومت طالبان مذاکرات کے حوالے سے حکومت اور فوج کا ایک صفحے پر ہونا ضروری ہے، حکومت طالبان مذاکرات کی کامیابی کے لئے جماعت اسلامی اپنا کردار ادا کر رہی ہے جو عناصر مذاکرات کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں وہ پاکستان کے دوست نہیں ، تحفظ پاکستان بل دنیا بھر میں پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچائے گا، وفاقی حکومت کسی کے ہاتھوں ٹریپ ہونے کے بجائے جمہوری رویہ اختیار کرے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں جماعة الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید کی سراج الحق کو جما عت اسلامی کا امیر منتخب ہونے پر مبارکباد کے لئے آنے کے موقع پر ان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈوکیٹ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ،سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم چشتی ، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری حمد اللہ جان بڈھنی بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مزید کہا کہ جہاں پاکستان کی سا لمیت کی بات آتی ہے وہاں دیگر اُمور ثانوی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے لئے تمام محب وطن اور اسلامی قوتوں کو ملکر کر چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آج اور کل اس ملک سے وابستہ ہے ۔ وطن عزیز کی خاطر قربانی دینا عظیم کار ثواب ہے۔

حکومت طالبان مذاکرات کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ مذاکرات کامیاب ہونگے ۔ صرف ایک ماہ کی مدت میں اتنے گنجلک اور پیچیدہ مسئلے حل نہیں ہوتے ۔ ایسے معاملات کے حل میں وقت لگتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت طالبان مذاکرات کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں وہ پاکستان اور فوج کو مشکل سے دو چار کرنا چاہتے ہیں۔

ہماری خواہش ہے کہ ملک اور فوج دونوں مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں امن کے قیام کے لئے مذاکرات کی راہ اپنائی ہے۔ اس کا جماعت اسلامی بھر پور ساتھ دے رہی ہے اور مستقبل میں بھی امن کیلئے جماعت اسلامی ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے ۔ جماعة الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید نے سراج الحق کو امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں یہ بوجھ اُٹھانے کی توفیق عطاء فرمائے۔

قبل ازیں المرکز اسلامی میں اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے ناظمین کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے نوجوانوں کو نظریاتی بنیادوں پر منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ ملک کے روشن مستقبل کی اُمید ہے ۔انہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کی طرف بھر پور توجہ دیں اور بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کی میدان میں مہارت حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اُٹھیں اور ملک کو سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے چنگل سے نجات دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ مٹھی بھر سرمایہ داروں اور جاگیرداروں نے ملک کے 95فیصد وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عام آدمی پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے لیکن فائدے عام آدمی کی بجائے کوئی اور اُٹھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس ملک کے صاحب استطاعت لوگ صرف زکواة بھی صحیح طریقے سے ادا کرناشروع کر دیں تو ملک سے غربت کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

ناظمین کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ نے کہا کہ رہبری و رہنمائی علم کے بغیر ناممکن ہے۔ علم کی بنیاد پر رہبری و رہنمائی اور قیادت بہتر طریقے سے ادا کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کل جتنی بھی ٹیکنالوجی ہے وہ صرف کفر کے لئے نہیں مسلمان نوجوانوں کو بھی اس سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔ ناظمین کیمپ سے اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے ناظم صہیب الدین کا کا خیل نے بھی خطاب کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات