صوابی میں صحت کا انصاف پروگرام کے دوسرے مرحلے کا افتتاح

اتوار 13 اپریل 2014 17:05

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء)صوبہ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت ، انفار میشن ٹیکنالوجی و زراعت شہرام خان ترکئی نے اتوار کے روز باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور صوابی میں بچوں کو پولیو وٹامن کے قطرے پلا کر صحت کا انصاف پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ایم این اے انجینئر عثمان خان ترکئی ، ڈی سی صوابی کیپٹن کامران آفریدی ، ڈی پی او سجاد خان ، محکمہ صحت کے ضلعی آفسران ، ڈاکٹرز اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی سی صوابی نے صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی کو صحت کا انصاف پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع صوابی میں صحت کا انصاف پروگرام نہایت کامیابی سے چل رہا ہے جب کہ اس کا اعتراف صحت کے عالمی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی کیا ہے صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کے پی کے کو پولیو اور دیگر موذی امراض سے پاک کر دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

صوبے میں صحت کا انصاف پروگرام نہایت کامیابی سے چل رہا ہے۔ جب کہ صوبے میں صوابی واحد ضلع ہے جہاں صحت کا انصاف پروگرام کے پہلے مرحلے میں 85فی صد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے اتحادی حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صوبے کے غریب اور بے بس مریضوں کو دہلیز پر مفت طبی سہولیات فراہم کر نے کے لئے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار درست کرینگے۔ جب کہ ان ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکس ، دیگر سٹاف جدید طبی سہولیات فراہم کی جائے گی۔ جب کہ ان اداروں میں اہل اور میرٹ پر لوگوں کو ملازمتیں دیئے جائیں گے ایم این اے عثمان خان ترکئی نے خطاب کیا۔