ہدایت کار گلزار کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دیئے جانے کا اعلان

اتوار 13 اپریل 2014 13:05

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) 2013 کا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ شاعر اور ہدایت کار گلزار کو دیا جائے گا ۔دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھارتی سینما کا سب سے بڑا اعزاز ہے اور ہر سال فملمی صنعت کی کسی سرکردہ شخصیت کو اس کی عمر بھر کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے ۔گلزار بھارت کے صف اول کے شاعر اور ہدایت کار ہیں۔ ان کا اصل نام سمپورن سنگھ ہے اور وہ 1936 ء میں پاکستان کے شہر جہلم کے قریب دینہ کے مقام پر پیدا ہوئے تھے- آزادی کے بعد وہ بھارت چلے گئے ۔

(جاری ہے)

وہ ہدایت کاری کے میدان میں بمل رائے کے شاگرد ہیں ۔ انھوں نے بطور ہدایت کار جو فلمیں بنائیں ان میں موسم ، آندھی، انگور، معصوم، اجازت ، دل سے اور پریچے کے نام سر فہرست ہیں ۔ ان کا ٹیلی ڈرامہ مرزا غالب بھی ایک کلاسیک کا درجہ رکھتا ہے۔گلزار کو آسکر ایوارڈ ، گریمی ایوارڈ، پدم بھوشن ، ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ ، نیشنل ایوارڈ اور ڈی لٹ کی اعزازی ڈگری سمیت لاتعداد اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔ بھوپن ہزاریکا، مجروح سلطان پوری اور پردیپ کے بعد گلزار چوتھے شاعر ہیں جنہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ عطا کیا گیا ہے-