وزیر خزانہ سے عالمی بینک کے نائب کی صدر کی ملاقات ، پاکستانی حکومت کی معیشت کی بحالی کیلئے کی گئی کوششوں کی تعریف،عالمی بنک حکومت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں اور بالخصوص توانائی اور معیشت کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ، عالمی بینک ، حکومت سماجی تحفظ پر خرچ کئے جانے والے بجٹ میں بھی اضافہ کر رہی ہے ، سینیٹر اسحاق ڈار کی گفتگو

ہفتہ 12 اپریل 2014 22:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) عالمی بنک کے نائب صدر فلپ لی ہوئیرو نے پاکستانی حکومت کی معیشت کی بحالی کیلئے کی گئی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی مسائل کے خاتمہ کیلئے جامع اقدامات کے تحت حکمت علی اختیار کی گئی ہے ، عالمی بنک حکومت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں اور بالخصوص توانائی اور معیشت کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحق ڈارعالمی بینک کے نائب صدر فلپ لی ہوئیرو سے واشنگٹن میں ملاقات کی ہے۔ عالمی بنک کے نائب صدر نے پاکستانی حکومت کی معیشت کی بحالی کیلئے کی گئی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی مسائل کے خاتمہ کیلئے جامع اقدامات کے تحت حکمت علی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بنک حکومت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں اور بالخصوص توانائی اور معیشت کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بنک کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عالمی بنک کے تعاون، اشتراک اور مشترکہ کوششوں سے ترقی کے عمل کو ممکن بنایا گیا ہے۔ انہوں نے عالمی بنک کی ٹیم کو بتایا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کر رہا ہے۔ اور حکومت معیشت، توانائی، انتہا پسندی اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے عالمی بنک کے وفد کو خطے کی تجارت کے فروغ میں پاکستان کے کردار کے بارے میں بھی بریفنگ دی اور بالخصوص افغانستان کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کاسا1000- کے حوالے سے بھی بتایا تاکہ ٹیرف کے اختلافات میں کمی کی جاسکے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کاسا1000- منصوبہ کے تحت مسائل کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

عالمی بنک کے نائب صدر فلپ نے ٹیرف کے مسائل میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر خزانہ کو کہا کہ اس عمل کو جاری رکھا جائے۔ اور انہوں نے افغانستان کے بارے میں پاکستانی منصوبہ کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک سے مضبوط روابط کو فروغ دے رہا ہے۔ فریقین نے عالمی بنک کے زیرانتظام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر بھی گفتگو کی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نہ صرف پروگرام کو جاری رکھے ہوئے بلکہ حکومت سہولت سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی تعداد اور رقم کو بڑھانے میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سماجی تحفظ پر خرچ کئے جانے والے بجٹ میں بھی اضافہ کر رہی ہے جس کیلئے حکومتی اخراجات کو کم کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے زرمبادلہ کے ذخائر کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ ملکی معیشت کے حوالے سے تمام بڑے اقتصادی اشاریے مثبت تبدیلیاں ظاہر کر رہے ہیں۔