موجودہ دور تجارت ، معیشت اور اقتصادی تعاون کا دور ہے ،پاکستان تمام ممالک سے بہترین تعلقات کا خواہاں ہے‘ شہبازشریف ،ترقی کیلئے انتہاء پسندی اور توانائی بحران کا خاتمہ ضروری ہے،(ن) لیگ کی حکومت مخلصانہ اقدامات اٹھا رہی ہے،رواں برس ہونہار طلبا وطالبات میں مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی غیر ملکی صحافیوں کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 12 اپریل 2014 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ موجودہ دور تجارت ، معیشت اور اقتصادی تعاون کا دور ہے، پاکستان ہمسایہ ممالک سمیت تمام ملکوں سے بہترین تعلقات کا خواہاں ہے،ترقی وخوشحالی کے لئے انتہاء پسندی اور توانائی بحران کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت انتہا پسندی اور توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے مخلصانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

یہ بات ا نہوں نے ہفتہ کے روز یہاں غیر ملکی صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سماجی اور معاشی اقدامات کر کے بھی انتہاء پسندانہ رجحانات کو روکا جا سکتاہے۔ پاکستانی معاشرے میں تحمل برداشت اور رواداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں تعلیمی نظام میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ،پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ووچر سکیم، لیپ ٹاپ پروگرام اور دیگر اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنایا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ رواں برس ہونہار طلبا وطالبات میں مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ لیپ ٹاپ سکیم میں میٹرک کے طلباو طالبات کو بھی شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹھوس معاشی پالیسیوں کے ذریعے ملک کی معیشت کو درست سمت گامزن کر دیا ہے۔

غیر ملکی صحافیوں کے وفدکے اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی سربراہی میں حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاندار عوامی منصوبے مکمل کئے ہیں۔صوبائی وزیربلدیات و قانون راناثناء الله، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا محمد ارشد اور سیکرٹری اطلاعات بھی اس موقع پر موجود تھے۔