طالبان گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں روکنے کے لیے کوششیں تیز ،تحریک طالبان کے سینئر کمانڈروں نے خان سید سجنا اور شہریار گروپوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں

ہفتہ 12 اپریل 2014 21:13

طالبان گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں روکنے کے لیے کوششیں تیز ،تحریک ..

جنوبی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) جنوبی وزیرستان میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے دواہم گروپوں کے مابین گزشتہ چند روز سے جاری پرتشدد جھڑپیں روکنے کے لیے طالبان کمانڈروں نے اپنی کوششیں تیز کردیں،جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین کے مابین جنگ بندی کرا دی گئی ہے،برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہفتہ کو تحریک طالبان کے سینئر کمانڈروں نے خان سید سجنا اور شہریار گروپوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جمعیت علما اسلام (ف)سے تعلق رکھنے والے بعض سابق اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ نے بھی فریقین کے مابین جنگ بندی کرانے کے لیے کوششں تیزی کردیں،مقامی ذرائع کے مطابق ہفتہ کو حالات قدرے پرسکون رہے اورکسی قسم کی کوئی جھڑپیں نہیں ہوئیں، گزشتہ چند دنوں کے دوران دونوں گروہوں کے مابین جھڑپوں میں چالیس کے قریب افراد مارے جاچکے ہیں پہلے یہ لڑائی صرف جنوبی وزیرستان تک محدود تھی لیکن اب اس کا دائرہ دیگر علاقوں تک بھی پھیل چکا ہے،ذرائع کے مطابق دونوں دھڑوں کے مابین ایک دوسرے کے علاقوں میں مداخلت کرنے پر بہت پہلے سے اختلافات چلے آ رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے درمیان کراچی میں بھی لڑائی ہوچکی ہے تاہم ابھی تک تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے ان جھڑپوں کے حوالے سے کوئی باضابط طورپر ردعمل سامنے نہیں آیا ۔

متعلقہ عنوان :