شہر قائدمیں فائرنگ ،پرتشدد واقعات اور حادثات میں خاتون سمیت 5افراد جان کی بازی ہارگئے

ہفتہ 12 اپریل 2014 20:45

شہر قائدمیں فائرنگ ،پرتشدد واقعات اور حادثات میں خاتون سمیت 5افراد ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) شہر قائدمیں فائرنگ ،پرتشدد واقعات اور حادثات میں خاتون سمیت 5افراد جان کی بازی ہارگئے ۔تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود سیکٹر 5-Mنارتھ کراچی سحر سینٹر کے قریب برگر کی دکان کے باہر موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے دکان کے مالک 25سالہ رزاق علی ولد وارث علی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ۔

عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار ایک ملزم نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا ۔پولیس کے مطابق واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے ۔سعیدا ٓباد تھانے کی حدود بلدیہ ٹاوٴن نمبر 9میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 25سالہ خرم ولد مظفر ہلاک ہوگیا ۔مقتول بلدیہ ٹاوٴن نمبر 11کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

گڈاپ کے علاقے ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ کے قریب جھگڑے کے دوران لاتیں ،گھونسوں اور مکوں کے آزادانہ استعمال سے 45سالہ شیر محمد چل بسا ۔

مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کردیا گیا ۔ادھر اسٹیل ٹاوٴن تھانے کی حدود گلشن حدید لنک روڈ پر موٹر سائیکل سوار کو تیز رفتار ڈمپر نے کچل دیا ،جس سے 40سالہ بانو زوجہ سومار جاں بحق ہوگئی ۔جبکہ 45سالہ سومار ولد ہاشم خان اور اس 10سالہ بیٹا دلبر شدید زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا گیا ۔

متوفیہ میمن گوٹھ میں اپنے عزیز وں سے مل کر ٹھٹھہ ساکرو جارہے تھے ۔سچل تھانے کی حدود سپر ہائی وے فروٹ منڈی سے واپسی پر اسد سی این جی اسٹیشن پر گاڑی روک کر کولر سے پانی نکالنے کے دوران کرنٹ لگ کر 25سالہ محمد حسین ولد گل حسین پالاری جاں بحق ہوگیا ۔متوفی محمود آباد نمبر 6کا رہائشی اور فروٹ کا کاروبار کرتا تھا ۔6بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور 2بچوں کا باپ تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق ٹھٹھہ بھیرانی وارڈن ون سے بتایا جاتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :