پشاور، ملک وقوم کی حقیقی ترقی جدید تعلیم کے حصول کے بغیر ممکن نہیں،یاسین خلیل

ہفتہ 12 اپریل 2014 19:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی یاسین خلیل نے کہا ہے کہ ملک وقوم کی حقیقی ترقی جدید تعلیم کے حصول کے بغیر ممکن نہیں اس لئے پاکستان تحریک کی صوبائی حکومت تعلیم کی فروغ میں خصوصی دلچسپی لے رہی اور اس مقصد کے حصول کے لئے رواں سال سکولوں میں داخلے کی مہم شروع کر دی گئی ہے امید ہے اس سال گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ہفتے کے روز گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر5حیات آباد میں داخلہ مہم کی ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ثمینہ غنی اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مس عالیہ ناز بھی موجود تھی ۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین سے تاکید کی کہ حکومت کی داخلہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے اپنے علاقوں میں بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرنے کے لئے بھر پور کوشش کریں تاکہ قوم کا کوئی بچہ تعلیم کے حصول سے محروم نہ رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حصول کے لئے صو بائی حکومت ایسی درسگاہیں اور اصلاحات لا رہی ہے جن کی بدولت دور دراز علاقوں کے نوجوان بھی تعلیم کے حصول سے محروم نہیں رہیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں کلاس اول سے انگلش میڈیم کلاسوں کا اجراء ہو چکا ہے اور صوبائی حکومت کی طرف سے بچوں کو مفت کتابوں کی تقسیم جاری ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کسی قسم کی لاپرواہی اور کرپشن ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ تبدیلی کا ہمارانعرہ تب پورا ہو گا جب ہم سب اپنے فرائض منصبی کو پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ انجام دیاکریں ۔ معاون خصوصی نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر6کا دورہ کیا اور زیر تعمیر عمارت میں ناقص میٹریل کے استعمال پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہو ں نے انتظامیہ کو تاکید کی سکول کی عمارت میں معیاری میٹریل کا ا ستعمال یقینی بنائیں ۔انہو ں نے اس موقع پر بچوں میں مفت کتابیں بھی تقسیم کیں ۔

متعلقہ عنوان :