وزیراعظم دیگر تین صوبوں کے وزراء اعلی کی بجائے بھائی کو ہی ہمراہ رکھنے پر کیوں فوقیت دیتے ہیں،تحریک انصاف،جانبدارانہ طرز عمل چاروں صوبوں کے درمیان تعلقات پر اثر انداز ہو رہا ہے،شیریں مزاری

ہفتہ 12 اپریل 2014 19:05

وزیراعظم دیگر تین صوبوں کے وزراء اعلی کی بجائے بھائی کو ہی ہمراہ رکھنے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیراعلی پنجاب کو دیگر وزرائے اعلی پر فوقیت دینے اور بیرونی دوروں پر انہیں ہمراہ لے جانے پر وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور قابلیت اور مساوت کی بجائے خاندانی مراسم اور خونی رشتوں کو ترجیح دیے جانے انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار ددیا ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں تحریک انصاف کی ترجمان نے انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم دیگر تین صوبوں کے وزراء اعلی کی بجائے اپنے بھائی کو ہی ہمراہ رکھنے پر کیوں فوقیت دیتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم کا جانبدارانہ طرز عمل چاروں صوبوں کے درمیان تعلقات پر اثر انداز ہو رہا ہے اور صوبائی ہم آہنگی کو تباہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ رویہ صوبوں کے درمیان محرومی کے احساس کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنے گا اور اکائیوں کے درمیان کشیدگی کا بیج بوئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو جمہوریت کی بجائے خاندانی اقتدار اور ملکویت کی جانب دھکیلا جا رہا ہے اور قابلیت اور ذمہ داری کی بجائے اقربا پروری کو فروغ جبکہ پارلیمانی جمہوریت کو سخت صدمے سے دو چار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ قابلیت کی بجائے ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر تقرریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں اور بیشتر سیاسی جماعتوں کی جانب سے ذاتی مراسم کی بنیاد پر ٹکٹیں تقسیم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف مساوت اور قابلیت کے فروغ پر مکمل یقین رکھتی ہے اور انتظامی و سیاسی نظام کی تطہیر اور اصلاح کا عہد کیے ہوئے ہے۔