حکومت موسم گرما کے دوران قومی گرڈمیں2 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کریگی ،خواجہ آصف

ہفتہ 12 اپریل 2014 16:10

حکومت موسم گرما کے دوران قومی گرڈمیں2 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کریگی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اپریل 2014ء) وفاقی وزیر پانی وبجلی اور دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت موسم گرما کے دوران قومی گرڈمیں2 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کریگی ،اکتوبر 2013ء سے مارچ2014ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزارت نے رمضان المبارک کے پورے مہینے میں صارفین کو بجلی کی فراہمی کیلئے بجلی کی بچت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین کو بجلی کی مہنگے داموں فراہمی سے گریز کررہی ہے بلکہ یہ صارفین کو سستے داموں بجلی فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پانی کے ذریعے 17 سو میگاواٹ زائد بجلی پیدا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2013ء سے مارچ2014ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رقم ادا کرنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہی بجلی فروخت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ حکومت آنے والے چند مہینوں میں17 سو میگاواٹ زائد بجلی پیدا کرے گی ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پانی اور بجلی کے اداروں کے90 فیصد سربراہان کی تقرری کردی گئی ہے اور بقیہ بھی جلد ہی تعینات کردیئے جائینگے۔

متعلقہ عنوان :