عابد شیرعلی پہلےاپنامیٹرٹھیک کریں پھرہماراچیک کریں، شوکت زئی

ہفتہ 12 اپریل 2014 13:26

عابد شیرعلی پہلےاپنامیٹرٹھیک کریں پھرہماراچیک کریں، شوکت زئی

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اپریل 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صنعت شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ عابد شیر علی چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے عوام ان کے گریبان میں ہاتھ ڈالیں، عابد شیر علی پہلے اپنے دماغ کا میٹر ٹھیک کریں، پھر خیبر پختونخوا میں بجلی کے میٹر چیک کریں۔ پشاور میں میڈیا سے گفت گو میں خیبر پختونخوا کے وزیر صنعت گویا ضبط کے تمام بند توڑ گئے۔

کئی عرصے سے وزیر مملکت عابد شیر علی کی جانب سے بدتمیز جملوں اور الزامات کا جواب دے ڈالا، وزیر صنعت شوکت یوسف زئی نے عابد شیر علی کو آڑے ترچھے ہاتھوں لیا اور خوب بھڑاس نکالی، بجلی کے 10 فیڈرز بند کیے جانے اور بے جا تنقید اور الزامات کا جواب دیتے ہوئے شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو عابد شیر علی کے ایسے بیانات کا نوٹس لینا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی کا اپنا میٹر خراب ہے، متعصب رویے پر نواز شریف کی خاموشی معنی خیز ہے، عابد شیر علی کا میٹر ٹھیک ہو تو انہیں کوئی بجلی چور نظر نہیں آئے گا، وہ پہلے اپنا میٹر ٹھیک کریں، پھر ہمارا چیک کریں، عابد شیرعلی بہت بڑا مافیا ہے۔ بجلی چوری کے الزام میں خیبر پختونخوا میں بجلی کے 10 فیڈر بند کئے جانے کے بعد عابد شیر علی اور صوبائی وزرا میں لفظی جنگ چھڑ گئی ہے، اس سے قبل خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بھی عابد شیر علی کو زبان کو لگام دینے کی نصیحت کی تھی اور کہا تھا کہ عابد شیر علی زبان کو لگا دیں اور وزیراعظم سے رشتہ داری کافائدہ نہ اٹھائیں۔