وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر (ن) لیگ کے رہنماؤں کا اچھرہ بازار میں کریکر دھماکے کی جگہ کا دورہ

جمعہ 11 اپریل 2014 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں پرویز ملک ممبر قومی اسمبلی و مسلم لیگ(ن) کے صدر‘سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے صاحبزادے ڈاکٹر علی ایاز‘خواجہ احمد حسان‘اختر رسول اور ملک طارق نے اچھرہ بازار میں گزشتہ رات کریکر دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور واقعہ کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز ملک نے کہاکہ وہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف جو چین کے دورہ پر ہیں ان کی ہدایت پر اچھرہ بازار میں گزشتہ رات ہونے والے کریکر دھماکے کی جگہ کے دورے پر آئے ہیں تاکہ اصل حقائق معلوم کر کے وزیر اعلی پنجاب کو آگاہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پرویز ملک نے کہاکہ تاجر برادری کی طرف سے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا گیاہے تاہم حکومت پہلے سے ہی پولیس کو ہدایات جاری کر چکی ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کر کے اصل حقائق پر مبنی رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تاجر برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے اور اچھرہ بازار میں سیکورٹی کے مناسب انتظامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جاسکے۔پرویز ملک نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :