سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری 92 فیصد،سکولوں کی انسپکشن 96 فیصد ماہانہ یقینی بنائی گئی ہے‘مجتبیٰ شجاع الرحمن،4سے15سال تک کی عمر کے 2لاکھ62ہزار500بچے غیر رسمی بنیادی تعلیم کے منصوبہ کے تحت تعلیم حاصل کررہے ہیں‘وزیرایکسائز وٹیکسیشن

جمعہ 11 اپریل 2014 19:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء) وزیرایکسائز وٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ چیف منسٹر ریفارمز روڈ میپ کے تحت سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری 92 فیصدجبکہ جاری سہولیات اور سکولوں کی انسپکشن 96 فیصد ماہانہ یقینی بنائی گئی ہے جبکہ اس سے قبل سکولوں میں طلباء و اساتذہ کی حاضری 60 فیصد اور موجود سہولیات اور انسپکشن کی شرح 62 فیصد کے قریب تھی ۔

پارٹی ورکرزکے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پانچ سالوں میں 13005ملین روپے سے 3068پرائمری اور مڈل سکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے نجی تعلیمی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے جس کے لیے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 7ارب 50کروڑ کی رقم فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرنے کہا کہ 4سے15سال تک کی عمر کے 2لاکھ62ہزار500بچے غیر رسمی بنیادی تعلیم کے منصوبہ کے تحت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

اس کے علاوہ اینٹوں کے بھٹوں ،جیلوں ودیگر مقامات پر بھی تعلیمی سرگرمیوں کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کی وجہ سے نہ صرف سکولوں میں طلبا ء کی تعداد حقیقی معنوں میں 11 ملین سے تجاوز کر گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل سکولوں کے قیام ،سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب شروع کرنے ، 75 ہزار سے زائد میرٹ پر سائنس اساتذہ کی بھرتی ، دانش سکولوں کے قیام ،اربوں روپے کی لاگت سے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی ، انڈوومنٹ فنڈ کا قیام جو 12 - ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جیسے اقدامات کے باعث ہی سے سرکاری سکولوں میں انرولمنٹ کا عمل بڑھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :