کراچی ،وقارالحسن زیدی کے قتل کیخلاف وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ اور ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی دھرنا

جمعہ 11 اپریل 2014 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اپریل 2014ء) گزشتہ روز گلشن اقبال میں قتل ہونے والے مسلم لیگ (ن)لائرز ونگ کے نائب صدر وقار الحسن زیدی کے قتل کے خلاف وکلا کی جانب سے جمعہ کو کراچی میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ اور ایم اے جناح روڈ او ملیر میں احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دہشت گردی کا نشانہ بننے والے مسلم لیگ لائرز فورم کے نائب صدر وقار الحسن زیدی کے قتل کے خلاف وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔

(جاری ہے)

وکلاء کے بائیکاٹ کے باعث سندھ ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی اور عدالتوں میں سناٹا چھایا رہا ۔بعد ازاں وکلاء نے ایم اے جناح روڈ اور ملیر سیشن کورٹ کے سامنے مظاہرہ کیا اور احتجاجی دھرنا دیا ۔صدر کراچی بار بیرسٹر صلاح الدین نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرے ہوئے کہا ہے کہ وکلا کا تسلسل سے قتل اوراس پر حکومت کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا اور ججوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایڈوکیٹ وقار الحسن زیدی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :