پاک فوج کے جوانوں کی ذمہ داری ریاست پاکستان کی حفاظت ہے ،آج ان کے مورال کو کم کرنے کی ناپاک سازش ہو رہی ہے‘ ڈاکٹر طاہر القادری

جمعرات 10 اپریل 2014 17:44

پاک فوج کے جوانوں کی ذمہ داری ریاست پاکستان کی حفاظت ہے ،آج ان کے مورال ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی ذمہ داری ریاست پاکستان کی حفاظت ہے ،آج ان کے مورال کو کم کرنے کی ناپاک سازش ہو رہی ہے ، بعض وزراء اس مذموم اور گھٹیا ملک دشمنی پر مبنی کام پر متعین کئے گئے ہیں اور وہ پاک فوج کے ادارے کے خلاف انتہائی شرمناک اور توہین آمیز کلمات کہہ رہے ہیں ۔

وہ پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ایسا شرمناک عمل واضح طور پاکستان دشمن ایجنڈا لگتا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ فوج مخالف تقریروں کا سکرپٹ لوکل نہیں باہر کا تیار کردہ ہے اور یہ صرف فوج نہیں بلکہ ریاست دشمنی ہے۔اس قدر زہر تو پاکستان کی افواج کے خلاف دشمن ملک کے وزراء نے بھی کبھی نہیں اُگلا،وزراء ذاتی حیثیت میں اتنا بڑا اقدام نہیں کر سکتے یہ حکومت کی ڈبل گیم ہے، موجودہ حکمرانوں کا ہمیشہ یہ طرز عمل رہا ہے کہ اقتدار میں آ کر خود کو مضبوط کرنے کیلئے پاک فوج اور پاک عوام سے ٹکر لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پچھلی پنجاب حکومت2008ء سے 2013تک دہشت گردوں کو فنڈنگ کرتی رہی جبکہ اب وفاقی حکومت فنڈنگ کررہی ہے ۔دہشت گرد حکمرانوں کی پرائیویٹ آرمی کے طور پر ملک میں آنے والے وقت میں بہت بڑے خون خرابے کا ساماں پیدا کر رہے ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ افواج پاکستان کو میرا پیغام ہے کہ فوج کے ادارے کو تحفظ دینے کیلئے آرمی چیف اور افواج پاکستان کے جوانوں کے ساتھ ملک کا بچہ بچہ بھی ان کے ساتھ کھڑا ہو گاکیونکہ یہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔موجودہ حکمران اس وقت سے ڈریں جب عوام آگے بڑھ کر ان سے اقتدار ٹیک اور کر لیں گے ۔