پروفیسر قاضی صلاح الدین مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، سینیٹر مشاہد حسین سید

جمعرات 10 اپریل 2014 17:43

اسلام آباد/لاہور اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے اساتذہ کرام کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر قاضی صلاح الدین کی بطورایف سی کالج لاہور کے ہیڈ آف اسلامیات ڈیپارٹمنٹ معاشرے میں اعلیٰ اقدار کو فروغ دینے، نوجوان نسل کی کردارسازی اور اسلامی تعلیمات سے بہرہ ور کرنے کیلئے خدمات فراموش نہیں کی جاسکتی۔

ایف سی کالج لاہور سے گریجوئیٹ ہونے والے سینیٹر مشاہد نے مرحوم پروفیسرکے بھائی آرٹسٹ، کارٹونسٹ اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر مصباح الدین قاضی سے اظہارِتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زمانہ طالب علمی کا یادگار وقت ایف سی کالج میں گزارا اور اساتذہ کرام سے وابستہ بے شمار یادیں ابھی بھی انکے ذہن میں تازہ ہیں اور وہ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرتے ہوئے انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کرام نوجوان نسل کے بجا طور پر رول ماڈل ہوتے ہیں اور ان کی عزت و احترام کو یقینی بنانا مہذب معاشرے کی اولین ترجیح ہوتی ہے جس کے بغیر کوئی بھی معاشرہ نہ تو مہذب کہلانے کا حقدار ہے اور نہ ہی ترقی و خوشحالی کی جانب اپنا سفر کامیابی سے گامزن رکھ سکتا ہے۔ جنازے میں مرحوم پروفیسر قاضی صلاح الدین کے سٹوڈنٹس اورلاہور، اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد میں رہائش پذیر عزیز و اقارب سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کے بھتیجے صباح الدین قاضی مسلم لیگ ہاوٴس اسلام آباد کے میڈیا سینٹرسے وابستہ ہیں۔