طالبان سے مذاکرات اندرونی معاملہ ہے اور کسی کو مداخلت کا حق نہیں، دفتر خارجہ

جمعرات 10 اپریل 2014 16:40

طالبان سے مذاکرات اندرونی معاملہ ہے اور کسی کو مداخلت کا حق نہیں، دفتر ..

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور کسی کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں۔ دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ مغوی ایرانی سیکیورٹی اہلکاروں کی رہائی پاکستان میں عمل میں نہیں آئی، ایران کے ساتھ دوستانہ روابط ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک معاملے پر نہیں چلتے، وزیراعظم ایرانی حکومت کی دعوت پر ایران جا رہے ہیں لیکن اب تک ان کے دورہ تہران کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جمہوریت کا تسلسل خطے میں اہم ہے اس لئے افغانستان میں حالیہ صدارتی انتخابات خوش آئند ہیں، صدارتی انتخابات کے فوری بعد پاک افغان سرحد کو کھول دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان افغان عوام کی مدد جاری رکھے گا لیکن افغان طالبان سے مذاکرات افغان حکومت کا کام ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور کسی کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے لیکن بھارت کے ساتھ گزشتہ 3 سال سے جامع مزاکرات التوا کا شکار ہیں تاہم بھارت میں جو جماعت بھی کامیاب ہوئی اس سے تعلقات مستحکم بنائیں گے۔