دہشتگردی کے واقعات نہ ہونے کی توقع نہیں رکھنا حماقت ہے ، سینیٹر سعید غنی

جمعرات 10 اپریل 2014 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات نہ ہونے کی توقع نہیں رکھنا حماقت ہے، حکومت سمجھ رہی ہے کہ طالبان سے مذاکرات شروع کرنے کے بعد دہشت گردی ختم ہوجائے گی ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے واقعات نہ ہونے کی توقع نہیں رکھنا حماقت ہے، حکومت سمجھ رہی ہے کہ طالبان سے مذاکرات شروع کرنے کے بعد دہشت گردی ختم ہوجائے گی، حکومت کو پتہ ہی نہیں کہ اب دہشت گردی کون کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے دہشت گردی میں ملوث دیگر گروپوں کو تقویت ملی، وہ بھی ریاست پر دباوٴ ڈال کر اپنی بات منوانا چاہتے ہیں، بے گناہوں کو مارنے والا قاتل اور دہشت گرد ہے، بلوچستان یا پنجاب کہیں بھی دہشت گردی ہو، قابل مذمت اور ظلم ہے، بی ایل اے، جسقم اور طالبان جو بھی بے گناہوں کو قتل کرے ان کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران شدید خوف کا شکار ہیں کہ کہیں طالبان ناراض نہ ہوجائیں، دہشت گردی اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے والوں کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی میں ملوث گروپوں کی حمایت بند کردیں تو مسائل حل ہوجائیں گے۔