مشرف معاملہ ، (ن) لیگ کے کئی رہنما وزیر اعظم کے کنٹرول سے باہر ہیں ، وزیر اعظم کب تک لاتعلق رہیں گے ،عاجز دھامرہ

جمعرات 10 اپریل 2014 16:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے کئی رہنما وزیر اعظم کے کنٹرول سے باہر ہیں ، جمہوریت کو خطرہ ہوا تو ذمہ داری موجودہ کابینہ اور حکومت پر عائد ہوگی ،ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ فوج ایک ایسا ادارہ ہے جو وزیرا عظم پاکستان کے ماتحت ہے تاہم اس ساری صورتحال میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس تمام تر صورتحال میں وزیراعظم کہیں نظر آرہے ہیں اور حتیٰ کہ انکی جماعت کے کئی رہنما شاید وزیراعظم کے کنٹرول سے باہر ہیں یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم انہیں کچھ نہیں بولتے۔

انہوں نے کہاکہ یہ بہت ہی حساس معاملہ ہے جس پر نواز شریف کو خود سوچنا چاہیے کہ یہ کیاہورہا ہے اور آخر کب تک وزیراعظم اس سارے معاملے سے لاتعلق رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جمہوریت کو کچھ خطرہ ہوا تو اس کی ذمہ داری موجودہ کابینہ اور حکومت پر عائد ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) نے ماضی سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا کیونکہ یہ جب بھی حکومت میں آتے ہیں تو پھر ان کے آرمی سے تعلقات کشیدہ ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے آرمی ملکی معاملات میں مداخلت کرتی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامرہ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ جس طرح اے پی سی بلا کر طالبان سے امن مذاکرات کیلئے مینڈیٹ لیاتھا اسی طرح اب ان مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے قوم کو آگاہ کرے اور تمام قومی قیادت کو اعتماد میں لیکر آگے فیصلہ کرے۔