ٹی ٹوئنٹی ختم ، ٹیم اگلے برس کے ورلڈ کپ پر توجہ دے، ویسٹ انڈین کوچ

جمعرات 10 اپریل 2014 14:26

کنگسٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کوچ اوٹس گبسن نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ختم ہو چکا اب کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ تمام تر توجہ آئندہ برس شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ پر مرکوز رکھیں۔ ویسٹ انڈین ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ آئندہ سال شیڈول ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

ویسٹ انڈین کوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ سالوں سے ٹیم کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ ہماری ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ میں حریف ٹیموں کیلئے خطرہ ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کپتان ڈیوائن براوو اور ڈیرن سیمی کو چاہئے کہ وہ اپنے ساتھ ایک مضبوط کھلاڑیوں کا گروپ تیار کریں اور اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کریں تاکہ آئندہ ورلڈ کپ کیلئے ایک مضبوط ٹیم تشکیل دی جا سکے جو حریف ٹیموں پر بھاری ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی چیز مشکل یا نا ممکن نہیں ہوتی سخت محنت اور لگن سے سب کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے اسلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو چاہیے کہ وہ اپنی خامیوں کو وقت سے پہلے دور کر لے۔ واضح رہے کہ کالی آندھی کی ٹیم نے 1975ء اور 1979ء کو بیک ٹو بیک ورلڈ کپ ٹائٹلز اپنے نام کئے تھے اور اس کے بعد وہ 35 برس سے عالمی کپ جیتنے میں ناکام ہے۔