یو اے ای میں پاک بھارت سیریز کے معاہدے کا امکان

جمعرات 10 اپریل 2014 12:53

یو اے ای میں پاک بھارت سیریز کے معاہدے کا امکان

دبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) بھارت اور پاکستان کے درمیان باہمی سیریز کے معاہدے پر دبئی میں دستخط کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، بی سی سی آئی کے معطل سربراہ این سری نواسن نہ صرف پی سی بی بلکہ سری لنکا سے بھی میچزکے معاملات طے کریں گے، نجم سیٹھی بھی ایک نکاتی ایجنڈے کے ساتھ دبئی میں موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا میں دعویٰ کیا گیاکہ آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کیلیے دبئی پہنچنے والے بورڈ کے معطل سربراہ این سری نواسن کی جانب سے چند اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے، پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ باہمی سیریز کے معاہدوں کو حتمی شکل بھی دی جا سکتی ہے۔

پہلے پہل ان دونوں ممالک نے بگ تھری کی شدید مخالفت کی تاہم بعد میں سری لنکا نے ہوائوں کا رخ دیکھتے ہوئے بھارت کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا تھا، جس سے بظاہر اس نے اپنا مستقبل محفوظ بنالیا۔

(جاری ہے)

اگرچہ پاکستان کی جانب سے تاحال بگ تھری کا ساتھ دینے کا آفیشل اعلان سامنے نہیں آیا تاہم پی سی بی کی جانب سے بھارت کے ساتھ سیریز کیلیے کوششوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بورڈ کے موجودہ سربراہ نجم سیٹھی بھی ایک نکاتی ایجنڈے کے ساتھ یہاں موجود اور ان کا بڑا مقصد بھارت کے ساتھ باہمی سیریز کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پانے کی صورت میں سیریز متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :