اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے بغیر جمہوریت کی گاڑی چل ہی نہیں سکتی ‘ حمزہ شہباز شریف ،مسلم لیگ (ن) بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے کمٹڈہے ،صرف باتیں نہیں عمل سے بھی ثابت کرینگے،وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں امن کے قیام کیلئے بیڑا اٹھایا ہے انشا اللہ اس میں ضرور کامیاب ہونگے ، مرکزی رہنما مسلم لیگ (ن)

بدھ 9 اپریل 2014 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اپریل۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے بغیر جمہوریت کی گاڑی چل ہی نہیں سکتی ، مسلم لیگ (ن) بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے کمٹڈہے اور یہ صرف باتیں نہیں بلکہ عمل سے بھی ثابت کریں گے ،سپریم کورٹ کے قانون سازی سمیت ہر طرح کے حکم پر عملدرآمد کرینگے ،وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں امن کے قیام کیلئے بیڑا اٹھایا ہے انشا اللہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گوالمنڈی میں پارٹی کے کارکن عرفان بٹ سے انکی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اوربلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو جس طرح کا بھی تعاون درکار ہوا وہ فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

ہمیں اس سے قبل بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے چند ہفتوں کا وقت دیا گیا تھا اور ہم نے عدالت کے حکم کے مطابق تیاریاں کیں اور اب بھی قانون سازی سمیت جس طرح کے احکامات دئیے گئے اس پر عمل کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں لیت و لعل سے کام لیں گے تو یہ قومی ذمہ داری نہیں ہو گی ہم الفاظ سے نہیں بلکہ باتوں سے ثابت کریں گے کہ ہم بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے کمٹڈ ہیں۔

انہوں نے سبی اور اسلام آباد بم دھماکوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے وہی راستہ ڈھونڈنا ہے جو امن کی طرف جاتا ہے ۔ حکومت اسکے لئے نیک نیتی سے کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم اور فوج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ حکومت سنجیدگی ، صبر اور باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے اور انشا اللہ وہ وقت بھی آئے گا جب اس کا مکمل حل سامنے آئے گا ۔

اس کے لئے حکومت کی کمیٹی شفاف طریقے سے کام کر رہی ہے او رایک ایک حقیقت قوم کے سامنے لائی جارہی ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے امن کے قیام کے لئے بیڑا اٹھایا ہے انشا اللہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے جمہوریت اور پارٹی کے لئے بڑی جدوجہد کی ہے اور کارکن میری آنکھ کا تارا ہیں ۔ میں ان سے ہر روز ملتا ہوں کیونکہ ان کا بھی ہمارے اوپر حق ہے ۔اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے کارکنوں کے مسائل بھی سنے۔