وزیر بلدیات سندھ نے صوبے بھر میں بارشوں سے قبل تمام نالوں کی صفائی کے احکامات دے دیئے ،ڈینگی سے بچاؤ کی مہم کا ضلعی طور پر آغاز ،تمام ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں ترقیاتی کاموں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے،شرجیل انعام میمن

بدھ 9 اپریل 2014 20:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اپریل۔2014ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں رین ایمرجنسی پلان کو فوری طور پر تشکیل دینے اور کراچی سمیت صوبے بھر میں مون سون کی بارشوں سے قبل تمام نالوں کی مکمل صفائی کے احکامات دے دئیے ہیں۔انہوں نے ہدایات دی ہیں کہ شہر میں تمام رفاعی پلاٹس، پارکس اور گرین بیلٹ پر قائم تجاوزات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔

شہر میں ڈینگی سے بچاؤ کی مہم کا ضلعی طور پر آغاز کیا جائے اور تمام ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں ترقیاتی کاموں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرز کو ہدایات دی کہ شاہراہوں کے درمیان لگے ہوئے اشتہاری بورڈ کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے اور تمام اہم شاہراہوں کی اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر درست کیا جائے۔

(جاری ہے)

عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے کے ایم سی آئندہ ایک ماہ کے دوران پہلے مرحلے میں 35 سی این جی بسیں کراچی کی سڑکوں پر لائے گی، جس کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بدھ کو صوبائی وزیر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، سیکریٹری بلدیات جاوید حنیف، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، میونسپل کمشنرز اور ایڈمنسٹریٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہر میں مون سون کی بارشوں سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی اور بارش کے دنوں میں شہر کی کسی بھی شارع یا علاقے میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے حوالے سے رین ایمرجنسی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں موجود نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کو یقینی بنائیں اور ان کی رپورٹ آئندہ 15 روز کے اندر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے سیکرٹری بلدیات تک پہنچائی جائے۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بھی ہدایات دی کہ تمام اضلاع میں مشینری کی فوری فراہمی اور نالوں کی صفائی کے درکار فنڈز کا فوری اجراء کیا جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گذشتہ برس کی طرح اگر کسی بھی ضلع میں بارشوں کے دوران عملہ غیر حاضر ہوا تو اس کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور اسے گھر بھیج دیا جائے گا۔

انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں تاحال رفاعی پلاٹس اور پارکس و گرین بیلٹ پر قائم تجاوزات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایات دی کہ ان تمام تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور اگر کوئی بھی اس میں ناکام نظر آیا تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے واٹر بورڈ کے سربراہ کو بھی ہدایات دی کہ وہ برساتی نالوں اور دیگر ایسے مقامات پر جہاں غیر قانونی طور پر سیوریج کے پانی کی نکاسی کے لئے لائینیں ڈالی گئی ہیں ان کا بھی خاتمہ کریں۔

شرجیل انعام میمن نے شہر میں شاہراہوں کے درمیان موجود تمام اشتہاری بورڈز کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اس کی نگرانی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے شہر بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی مہم کا بھی آغاز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی علاقے سے ڈینگی کے مریض کے حوالے سے رپورٹ ملی تو متعلقہ ذمہ دار افسر کو اس کا قصوروار قراردیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے تمام ترقیاتی کاموں کو وقت مقررہ پر مکمل کئے جائیں اور بالخصوص شارع پاکستان پر نئے قائم ہونے والے پلوں کے نیچے کا کام آئندہ ایک ماہ کے دوران مکمل کرلیا جائے۔ صوبائی وزیر نے کمشنر کراچی اور سیکرٹری بلدیات کو ہدایات دی کہ وہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ ڈی سیز ، میونسپل کمشنرز اور ایڈمنسٹریٹرز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور مون سون بارشوں سے قبل کی تمام صورت حال کا سنجیدگی کے ساتھ نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں ہیوی رین کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ اس لئے کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور بارشوں کے دنوں میں اگر کسی بھی علاقے یا شارع پر پانی جمع ہونے کی کوئی شکایات موصول ہوئی تو اس کا ذمہ دار مذکورہ علاقے کے افسران ہوں گے۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے صوبائی وزیر کو ان کی ہدایات کے مطابق سی این جی بسوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ اب تک 22 سی این جی بسوں کو مکمل آرڈر میں جبکہ مزید 10 بسوں کو آئندہ ایک ہفتہ میں مکمل استعمال کے قابل بنا دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ان بسوں کو چلانے کے لئے آپریٹرز کے ٹینڈرز بھی دے دئیے گئے ہیں اور آئندہ ایک ماہ کے دوران ان بسوں کے روٹس متعین کرکے انہیں سڑکوں میں لایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ان بسوں کے علاوہ باقی مانندہ دیگر بسوں کو بھی فوری طور پر استعمال کے قابل بنایا جائے تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے درپیش مشکلات کا کم س کم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :