وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی سبزی منڈی اسلام آباد بم دھماکے کی شدید مذمت،پر امن ہوتے حالات میں پرہجوم عوامی مقام کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا خطرے کی گھنٹی ہے ،پرویز خٹک

بدھ 9 اپریل 2014 19:58

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی سبزی منڈی اسلام آباد بم دھماکے کی شدید مذمت،پر ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اپریل۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے سبزی منڈی اسلام آباد میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک و قوم دشمن عناصر کی گھناؤنی اور انسانیت سوز کاروائی قرار دیا ہے جسکی نازک صورتحال کے مناظر میں ہنگامی بنیادوں پر اعلی سطحی تحقیقات اور تجزئیے کی ضرورت ہے ایک پیغام میں اُنہوں نے کہا کہ امن ہوتے حالات میں ہمارے ملکی صدرمقام اور پرہجوم عوامی مقام کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا خطرے کی گھنٹی ہے جو ہمارے سیکورٹی بالخصوص انٹیلی جنس اداروں کیلئے بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے جو تعداد میں بھی کم نہیں بلکہ زیادہ ہیں وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے اس واقعے میں شہید افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دُعا کی اور اس دلخراش سانحے پر متاثرہ غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا پرویز خٹک نے کہا کہ ملک کے کسی گوشے میں اور کہیں بھی دہشت گردی ہو ہمیں مغموم بنا دیتی ہے کیونکہ خیبر پختونخوا کے عوام اسی بلا کے ڈسے ہیں جس میں ہمارے شہریوں کی لازوال قربانیوں کے علاوہ ہماری معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے تاہم اُنہوں نے کہا کہ دہشت گرد تمام تر نقصانات کے باوجودکبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے بلکہ ہمیشہ ناکام و نامراد رہتے ہیں پاکستانی قوم معصوم اور حق پر ہے اور فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے اور پوری دُنیا کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے۔