اسلام آباد:سبزی منڈی میں دھماکہ،23 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ

بدھ 9 اپریل 2014 10:11

اسلام آباد:سبزی منڈی میں دھماکہ،23 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، ہلاکتوں ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء ) دہشت گردوں نے وفاقی دارالحکومت کو نشانے پر لے لیا ، اسلام آباد کی سبزی منڈی میں زور دار دھماکا ہوا جس میں تیئس افراد جاں بحق اور بیالیس زخمی ہو گئے ، اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
پھلوں کی پٹیوں میں چھپایا گیا بارود پھٹا تو ایک بار پھر زمیں لہو،لہو ہو گئی۔

دھماکا تھانے سے ملحقہ ٹماٹر منڈی میں ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔دھماکے کے فوری بعد ہر طرف دھواں ہی دھواں ہو گیا اور افرا تفری پھیل گئی۔دھماکے کی جگہ کے قریب حساس ادارے کا دفتر اور کچھ ہی فاصلے پر پولیس لائنز بھی واقع ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے حادثے کی جگہ پر پہنچ کر زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان پمز ہسپتال ڈاکٹر عائشہ کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تر تعداد نوجوانوں کی ہے جن کی حالت نازک ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 5 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جو پھلوں کی پیٹیوں میں چھپایا گیا تھا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔آئی جی خالد خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ دھماکہ خود کش تھا۔انھوں نے بتایا کہ جس وقت دھماکا ہوا منڈی میں دو سے ڈھائی ہزار افراد موجود تھے۔وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے دھماکے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے.