صدر مملکت ممنون حسین سے گورنر اوروزیراعلیٰ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات،بلوچستان میں امن وامان سمیت دیگر سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

منگل 8 اپریل 2014 21:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین سے منگل کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور انہیں بلوچستان میں امن وامان سمیت دیگر سیاسی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا صدر مملکت نے اس موقع پر گورنر بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے اور وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی کیونکہ موجودہ حکومت کا یہ عزم ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی کو جلد دور کیا جائیگا اور اسے دوسرے صوبوں کے برابر لایا جائیگا خاص طور پر بلوچستان میں امن وامان کو بہتر بنایا جائے کیونکہ حکومت کا فرض ہے کہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کرے اور لوگوں کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات بھی فراہم کرے ۔