خیبر پختونخوا کے عوام کو چور کہنے والا عابد شیر علی ملک کا سب سے بڑا چور اور لٹیرا ہے، جمشید دستی

منگل 8 اپریل 2014 20:09

خیبر پختونخوا کے عوام کو چور کہنے والا عابد شیر علی ملک کا سب سے بڑا ..

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو چور کہنے والا عابد شیر علی ملک کا سب سے بڑا چور اور لٹیرا ہے، نواز شریف کی آشیر باد سے اس نے پوری قوم کا لوہا ہڑپ کر لیا ہے۔ پشاور میں قصہ خوانی کے تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا کہ عابد شیر علی کیا امام کعبہ کی اولاد ہے کہ اس نے پورے ملک کو چور اور لٹیرا کہہ دیا اور اپنے آپ کو خود صفائی کی چٹ جاری کردی ۔

قوم کو بتایا جائے کہ عابد شیر علی کے ویسپا سکوٹر پر گھومنے والے والد کے پاس لوہے کے کارخانے کہاں سے آئے؟ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی ملک کا سب سے بڑا چور اور ڈاکو ہے اور وہ ڈاکوؤں کی سرپرستی کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

واپڈا میں تمام بدعنوان افسران کو تعینات کیا گیا ہے اور یہ ان سے ماہانہ بنیادوں پر رشوتیں طلب کرتا رہتا ہے۔ جمشید دستی نے کہا کہ دو ماہ سے جاری مذاکرات کے حوالے سے قوم کو مکمل طور پر اندھیرے میں رکھا جا رہا ہے\' وزیراعظم نے پارلیمنٹ کو تمام سنجیدہ امور کے حوالے سے بائی پاس کردیا ہے ملکی سالمیت کے حوالے سے وزیر داخلہ اور وزیراعظم کے بیانات میں تضادات ہوتے ہیں ۔

وزیراعظم امریکہ کی خوشنودی کیلئے مذاکرات سے اپنی چھڑا رہے تھے لیکن جب خود ان کو دھمکی ملی تو انہوں نے مذاکراتی عمل شروع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اگر لال مسجد آپریشن نہ ہوتا تو آج ملک میں دہشتگردی نہ ہوتی آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں سنجیدگی سے مذاکرات شروع کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں شراب نوشی کی محفلوں اور مجروں کے بیان پر اب بھی قائم ہوں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے حکومت نے جو کمیٹی قائم کی وہ خود حکومتی بندوں پر مشتمل تھی ۔

ایک عدالتی کمیشن بنا کر پارلیمنٹ لاجز سے متعلق مکمل طور پر تحقیقات کی جائیں اور اس حوالے سے تمام اراکین اسمبلی کے بلڈ ٹیسٹ کروائے جائیں جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا ۔ جمشید دستی نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے دہشتگردی کے حوالے سے سب سے بڑی قربانیاں دی ہیں \' ہزاروں کی تعداد میں لوگ شہید ہوئے اور اربوں کے نقصانات اٹھانے پڑے لیکن پھر بھی خیبر پختونخوا کے عوام دہشتگردی کیخلاف ہر میدان میں صف اول کا کردار ادا کر رہے ہیں\'اس لئے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر ایک ترقیاتی پیکج کا اعلان کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :