لوکل سسٹم سے عوام کے مسائل اُنکی دہلیز پر حل ہونگے،عنایت الله خان ، موجودہ حکومت بلدیات کے شعبے میں انقلابی اقدامات کرکے آئندہ بجٹ میں ترقیاتی کامو ں کے لئے اربوں روپے مختص کرے گی ، وزیر بلدیات خیبرپختونخوا

منگل 8 اپریل 2014 19:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و یہی ترقی عنایت الله خان نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ نظام کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر مسائل کا حل اور زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت بلدیات کے شعبے میں انقلابی اقدامات کرکے آئندہ بجٹ میں ترقیاتی کامو ں کے لئے اربوں روپے مختص کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پشاور میں یونائیٹڈ میونسپل ورکرز یونین (رجسٹرڈ) کے چیئرمین ملک محمو نوید خان کی زیرقیادت ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات حفظ الرحمان ، ا یڈمنسٹریٹر رشید احمد ، چیف آفیسر جاوید احمد بھی موجود تھے ۔وفد نے صوبائی وزیر کو میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جن میں کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی ، ایمپلائز سنز کی بھرتی ، سنیٹری سپروائزر ، ٹیوب ویل آپریٹرز اور خاکروب و دیگر اہلکاروں کو ٹائم سکیل اور ترقی کے مواقع شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ خان نے کہا کہ میونسپل سروسز کی خدمات انجام دینے والوں کی اہمیت مسلمہ ہے ۔ وہ انتہائی مشکل کام کرتے ہیں لہذا ان کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے ۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ورکرز کے جائز مسائل کے حل کے لئے ورکنگ پیپرز تیار کرکے انہیں بھجوا دیا جائے تاکہ ان پر ضروری کارروائی کی جا سکے ۔ انہوں نے ملازمین کو بھی تاکید کہ وہ بھی اپنے فرائض ذمہ داری سے انجام دیا کریں اور شہر کی صفائی و ستھرائی کواپنی اولین ترجیح بنائیں ۔

انہوں نے ملازمین کو تاکید کہ بس اڈوں میں خواتین ، بچوں اور مسافروں کی آرام اور سہولیات میں کسی قسم کا غفلت نہ کریں اور اس سلسلے میں کوئی شکایت نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پشاور گرین بیلٹ پر کام مزید تیز کیا جائے تاکہ حکومت کا شروع کردہ گرین اینڈ کلین منصوبہ احسن طور پر کامیاب ہو جائے ۔ وفد نے صوبائی حکومت کی انقلابی اقدامات کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ملازمین کے مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر وزیر موصوف کا شکریہ اداکیا ۔

متعلقہ عنوان :