پشاور، صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے ،ضیاء الله آفریدی،پی کے ون کے متعدد علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار،متعلقہ حکام کوفوری طوراقدامات کرنے کی ہدایت

منگل 8 اپریل 2014 19:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات اور ضلع پشاور میں میگا پراجیکٹس کے کوارڈینیٹر و فوکل پرسن ضیاء الله آفریدی نے پی کے ون کے متعدد علاقوں میں صفائی کی ناقص صورت حال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ حلقے کی گلی کوچوں کی صفائی اور ستھرائی اور جگہ جگہ پانی کی نکاسی کے لئے فوری طور پر اقدامات کرے تاکہ شہر کا ماحول صاف ہو اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار منگل کے روز اپنے دفتر میں لطیف آباد ، شنواری ٹاؤن ، گل آباد، مومن ٹاؤن اور دیگر کالونیوں کے عمائدین پر مشتمل وفد سے بات چیت کے دوران کیا ۔ وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ رہائشی علاقوں کو جانے والی سڑکوں اور کوچہ جات میں بارش کی وجہ کئی کئی دنوں تک جگہ جگہ پانی کھڑا ہوتا ہے جس کی وجہ سے عوام کو آمدورفت میں پریشانی اور ذہنی کوفت کا سامنا ہوتا ہے اس کے علاوہ بیشتر علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی بھی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے جس کے فوری حل کی اشد ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کے مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ہم نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں انہیں جلد ہی عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔انہوں نے وفد کے اراکین کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد ترقیاتی منصوبے جلد شروع کر رہی ہے جن کی تکمیل سے دور رس نتائج برآمد ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :