پاک فوج کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی وضاحت ضروری تھی، سپیکر سندھ اسمبلی ،ارباب غلام رحیم نے سابق دور میں بھی اور اب بھی اسمبلی میں نہ آکر اپنے ووٹرز کیساتھ انصافیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے،آغا سراج درانی

منگل 8 اپریل 2014 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پاک فوج کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی وضاحت ضروری تھی کیونکہ فوج ایک بڑا ادارہ ہے۔ارباب غلام رحیم نے سابقہ دور میں بھی اور اب بھی اسمبلی میں نہ آکر اپنے ووٹرز کے ساتھ انصافیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اگر ان کی چھٹی کی درخواست نہیں آئی تو ان کے خلاف کارروائی کا سوچا جاسکتا ہے۔

آئی جی سندھ ایک اچھے، بہادر اور نڈر پولیس آفیسر ہیں۔ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ آرمی کے حوالے سے اخبارات اور ٹی وی چینلجز پر خبروں کے بعد ان کی وضاحت ضروری تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک بڑا ادارہ ہے اور ان سے خبروں کو منسوب کرنے کے حوالے سے ان کی وضاحت سے مسائل حل ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ارباب غلام رحیم ہمیشہ منتخب ہوتے ہیں لیکن وہ اسمبلی میں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا یہ سلسلہ جاری رہا تو ان کی جانب سے یہ عوام کے ووٹوں کی توہین تصور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے ابھی بھی سندھ اسمبلی میں اپنی چھٹی کی درخواست جمع نہیں کروائی تو پھر ہم اس پر کارروائی کا سوچ سکتے ہیں۔ آئی جی سندھ کی وفاق سے تقرری اور ان کی پیپلز پارٹی سے ماضی کی وابستگی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ایک اچھے اور بہادر پولیس آفیسر ہیں۔ وہ کس کے تھے اور کس کے ہیں اس کو نہ دیکھا جائے بلکہ ان کی سنیارٹی اور کام کو دیکھا جائے۔