ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کا سندھ اسمبلی پہنچنے پربھرپور خیرمقدم ،وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے ٹیم کے تمام بچوں کو 2 ، 2 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان، محکمہ تعلیم سندھ کا بچوں کو پوسٹ گریجویشن تک مفت تعلیم دلانے کا اعلان، تاجروں اور صنعتکاربھی پاکستان کا نام روشن کرنیوالے بچوں کیلئے انعامات کا اعلان کریں ،سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی

منگل 8 اپریل 2014 19:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) برازیل میں اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ 2014ء میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی منگل کو جب سندھ اسمبلی کی اسپیکر گیلری میں پہنچے تو ارکان سندھ اسمبلی نے ان کا بھرپور خیر مقدم اور استقبال کیا ۔ ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ڈیسک بجائے ۔ ارکان نے انہیں زبردست شاباش دی اور خراج تحسین پیش کیا ۔

ان بچوں کی سندھ اسمبلی آمد کو یاد گار بنانے کے لیے اسمبلی میں قومی ترانہ بھی بجایا گیا ۔ سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے ٹیم کے تمام بچوں کو 2 ، 2 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے ان بچوں کے نام سے کراچی میں بین الاقوامی معیار کا فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

یہ اسٹیڈیم بلدیہ عظمیٰ کراچی تعمیر کرے گی ۔

سینئر وزیر تعمیرنثار احمد کھوڑو نے اعلان کیا کہ محکمہ تعلیم سندھ ان بچوں کو پوسٹ گریجویشن تک مفت تعلیم دلائے گا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی نے ٹیم کے لیے 5 لاکھ روپے انعام دینے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان نے ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے اپنی طرف سے 10، 10 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے ارکان سے کہا کہ وہ تاجروں اور صنعت کاروں سے اپیل کریں کہ وہ بھی پاکستان کا نام روشن کرنے والے ان بچوں کے لیے انعامات کا اعلان کریں ۔

حکومت ان بچوں کی تعلیم ، رہائش اور دیگر ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کرے ۔ وزیر سماجی بہبود روبینہ سعادت قائم خانی نے ٹیم کے لیے بچوں کے انتخاب اور انہیں برازیل بھیجنے کے لیے محکمہ سماجی بہبود سندھ ، آزاد فاوٴنڈیشن ، یونیسف اور برٹش کونسل کے کردار کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ اسمبلی کی تاریخ کا اہم دن ہے کہ یہ بچے یہاں آئے ہیں ۔

ان بچوں نے نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ ان بچوں نے سیمی فائنل تک کوئی میچ نہیں ہارا ۔ بھارت اور امریکا کی ٹیموں کو بھی شکست دی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ان بچوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔ سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ مجھے اس بات پر دکھ ہو رہا ہے کہ انہیں اسٹریٹ چلڈرن کہا جا رہا ہے ۔

یہ ہمارے بچے ہیں ۔ جنہوں نے پاکستان کا دنیا کو مثبت چہرہ دکھایا ۔ وزیر کچی آبادی جاوید ناگوری نے کہا کہ ویسے تو ٹیم کی کامیابی پر پورا ملک خوش ہے لیکن سب سے زیادہ خوشی لیاری اور ماڑیپور کے لوگوں کو ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں ہاتھ جوڑ کر میڈیا سے التجاء کرتا ہوں کہ اب تو لیاری سے گینگ وار کا ٹھپا ہٹا دیا جائے ۔ لیاری میں بہت با صلاحیت لوگ رہتے ہیں ، جو امن اور محبت چاہتے ہیں ۔

پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے ارکان نند کمار اور نصرت سحر عباسی ، مسلم لیگ (ن) کے حاجی شفیع محمد جاموٹ ، ایم کیو ایم کے ارکان اشفاق منگی ، شاہینہ شیخ ، بلقیس مختیار ، ظفر کمال ، دلاور قریشی ، سیف الدین خالد ، سمیتا افضال ، رعنا انصاری ، پیپلز پارٹی کے ارکان ، غلام قادر چانڈیو ، ڈاکٹر عبدالستار راجپر اور صوبائی وزیر گیان چند اسرانی ، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان خرم شیر زمان اور ڈاکٹر سیما ضیاء اور دیگر نے ان بچوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مبارکباد بھی دی ۔

ان ارکان نے کہا کہ زیادہ تر بچوں کا تعلق لیاری سے ہے ۔ لیاری کے بارے میں اب رائے بدل جانی چاہئے ۔ ان بچوں نے پاکستان کا امیج بھی دنیا میں بہتر بنایا ہے ۔ یہ بچے دیگر اسٹریٹ چلڈرن کے لیے رول ماڈل ہیں ۔ بعد ازاں قومی ترانہ بجایا گیا ۔ قومی ترانے کے احترام میں ارکان اسمبلی اور اسمبلی میں موجود ہر شخص احتراماً کھڑا ہو گیا ۔ قومی ترانے کے بعد اسپیکر نے اجلاس جمعہ کی صبح تک ملتوی کردیا ۔

قبل ازیں سندھ اسمبلی میں آمد کے موقع پر پاکستان اسٹریٹ فٹ بال ٹیم کے کپتان سمیر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر فٹ بال کھیل کر کامیاب ہونا ہمارے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ یہ موقع فراہم کرنے پر ہم سندھ حکومت، محکمہ سماجی بہبود اور آزاد فاؤنڈیشن سمیت ان تمام کے مشکور ہیں، جنہوں نے ہم سے بھرپور تعاون کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء روبینہ قائم خانی، جاوید ناگوری، شرمیلا فاروقی اور آزاد فاؤنڈیشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

کیپٹن سمیر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں شریک ہونے کا ہمارا خواب پورا ہوا ہے، جس کے لئے ہماری پوری ٹیم حکومت سندھ، محکمہ سماجی بہبود اور آزاد فاؤنڈیشن کے مشکور ہیں۔ کیپٹن سمیر نے کہا کہ پاکستان میں اسٹریٹ چلڈرن کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی ان بچوں دھتکار کر دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم مزید اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اس موقع پر ٹیم کے کھلاڑی اویس علی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارت، امریکا سمیت دیگر ممالک سے فتح حاصل کرکے بڑی خوشی ہوئی تھی اور ان سے زیادہ خوشی ہمیں اس بات پر ہوئی کہ ہماری ٹیم کو بھارت اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے بڑی محبتیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پھول فروخت کرنے والے بچوں اور اسٹریٹ پر کام کرنے والے بچوں کو محبت اور دوستی کی ضرورت ہے۔ اگر یہ محبتیں انہیں مل جائیں تو یہ بچے ہر سطح پرپاکستان کا نام روزن کریں گے۔ قبل ازیں سندھ اسمبلی آمد پر صوبائی وزیر روبینہ قائمخانی اور دیگر وزراء نے ٹیم کو خوش آمدید کہا اور انہیں سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔