سندھ اسمبلی میں سیکرٹری محکمہ خزانہ حکومت کے خلاف ایم کیو ایم کی خاتون رکن کی قرار داد کی حکومت نے مخالفت نہیں کی،اگر ہیر اسماعیل سوہو اس کے باوجود اس تحریک پر زور دے رہی ہیں تو یہ تحریک استحقاق کمیٹی کے سپرد کردی جائے گی ، ڈاکٹر سکندر میندھرو

پیر 7 اپریل 2014 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) سندھ اسمبلی میں پیر کو سیکرٹری محکمہ خزانہ حکومت سندھ سہیل احمد راجپوت کے خلاف ایم کیو ایم کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو کی قرار داد کی حکومت نے مخالفت نہیں کی اور یہ فیصلہ کیا کہ اگلے ہفتے خصوصی استحقاق کمیٹی تشکیل دے کر یہ تحریک اس کے حوالے کی جائے گی ، جو سیکرٹری محکمہ خزانہ کو بلا کر ان سے وضاحت طلب کرے گی ۔

ہیر اسماعیل سوہو نے اپنی تحریک استحقاق میں کہا کہ میں نے سیکرٹری محکمہ خزانہ حکومت سندھ سہیل احمد راجپوت کو کئی فون کئے اور ان کے سیل فون پر کئی ٹیکسٹ میسج بھی چھوڑے اور لکھا کہ میں ہیر اسماعیل سوہو رکن سندھ اسمبلی ہیں، میری کال سن لیں یا مجھے فون کریں، لیکن انہوں نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔

(جاری ہے)

میں نے تحریری طور پر انہیں درخواست کی مجھے مالی سال 2013-14 کے سہ ماہی بنیاد پر جاری ترقیاتی اور غیر ترقیاتی فنڈز کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں اور مجھے 021-99222105 پر فیکس کی جائیں۔

انہوں نے میری تحریری درخواست کو بھی نظرانداز کیا۔ ایک سرکاری ملازم کی طرف سے عوامی نمائندے کو نظر انداز کرنے کے رویے سے نہ صرف میرا بلکہ پورے ایوان کا استحقاق مجروح کیا ہے۔ وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ تحریک استحقاق اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع ہونے کے بعد سیکرٹری محکمہ خزانہ کی طرف سے پوری تفصیل فراہم کردی گئی ہے ۔ اگر ہیر اسماعیل سوہو اس کے باوجود اس تحریک پر زور دے رہی ہیں تو یہ تحریک استحقاق کمیٹی کے سپرد کردی جائے گی ۔