حکومت انتہاء پسندی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار ،پاکستان امن کو ایک موقع دینا چاہتا ہے ،وزیر اعظم کوششوں سے انشاء اللہ ملک میں جلد امن قائم ہو جائیگا ، پاکستان 2050ء تک دنیا کی 18 ویں بڑی معیشت بن جائے گا ، تقریب سے خطاب

پیر 7 اپریل 2014 20:34

حکومت انتہاء پسندی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے، وزیرخزانہ اسحاق ..

ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت انتہاء پسندی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے، پاکستان امن کو ایک موقع دینا چاہتا ہے ،وزیر اعظم کوششوں سے انشاء اللہ ملک میں جلد امن قائم ہو جائیگا ، پاکستان 2050ء تک دنیا کی 18 ویں بڑی معیشت بن جائے گا۔ وہ ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان اور کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام کینیڈین اور پاکستانی تاجروں، کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر انہوں نے شرکاء کو پاکستانی معیشت کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

اسحاق ڈار نے پاکستانی اور کینیڈین کمیونٹی کو یقین دلایا کہ پاکستان اقتصادی بحالی کے راستہ پر گامزن ہے اور معروف معیشت دان جم او نیل نے پیشن گوئی کی کہ پاکستان 2050ء تک دنیا کی 18 ویں بڑی معیشت بن جائے گا، تاہم ہمیں توقع ہے کہ اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ درجہ اس سے کہیں پہلے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اپنے انتخابی منشور کے مطابق چار نکات بشمول معیشت، توانائی، تعلیم کی ترقی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ پر کاربند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے میکرو اکنامک کے متاثر کن اشاریئے پائیدار نمو اور اقتصادی استحکام کی عکاسی کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف نے پاکستان میں اقتصادی بہتری کا اعتراف کیا ہے۔ پاکستان کی اقتصادی کارکردگی نے اسے 7 سال کے عرصہ کے بعد بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں داخل ہونے کے قابل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

سیکورٹی صورتحال سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت انتہاء پسندی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے، پاکستان امن کو ایک موقع دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ پاکستان کی قربانیوں، معاشی نقصانات اور مخلصانہ کوششوں کے باوجود الزام تراشیاں ہو رہی ہیں، حالانکہ پاکستان ایک مشترکہ دشمن کے خلاف لڑ رہا ہے۔ افغانستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور استحکام چاہتا ہے، پاکستان نے حال ہی میں افغانستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے رقم 500 ملین ڈالر تک بڑھائی ہے۔

اس موقع پر سابق چیف اکانومسٹ ممبر پارلیمنٹ جان میکلم وزیر خزانہ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان واقعی صلاحیتوں سے بھرپور ملک ہے۔ سینیٹر سلمیٰ عطاء الله جان نے کینیڈا کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ تقریب میں کینیڈا کے ارکان پارلیمنٹ براڈ بٹ، ڈاکٹر رضا مریدی، ڈاکٹر شفیق قادری، سی پی بی سی کے چیئرمین براؤن ویلفرٹ، پاکستانی ہائی کمشنر اکبر زیب، قونصل جنرل نفیس ذکریا، سی پی بی سی کے صدر سمیر دُسال اور دیگر معززین بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :