شہر قائد میں بد امنی کا تسلسل جاری ، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں4افراد ہلاک،متعدد زخمی ، کیماڑی میں پولیس مقابلے میں گینگ وار کا اہم کارندہ مارا گیا،مختلف علاقوں سے چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران 42افراد کو حراست میں لے لیا گیا

پیر 7 اپریل 2014 20:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) شہر قائد میں بد امنی کا تسلسل جاری ،پیر کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں4افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ کیماڑی میں پولیس مقابلے میں گینگ وار کا اہم کارندہ مارا گیا ۔مختلف علاقوں سے چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران 42افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ عباس ٹاوٴن میں پولیس موبائل پر کریکر حملے کے نتیجے میں 3پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔

گلبہار تھانے کی حدود حسن کالونی ناظم آباد میں مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے العباس بیکری پر فائرنگ کرکے بیکری کے مالک 50سالہ سید انور شاہ ولد سید جعفر شاہ کو قتل کردیا ۔مقتول اسی علاقے کا رہائشی تھا ۔واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا ۔گلبرگ کے علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ سے 25سالہ راحیل ولد صلاح الدین ہلاک ہوگیا ۔

(جاری ہے)

مقتول اسی علاقے کا رہائشی تھا ۔نارتھ کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود سے 35سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ جھلسی ہوئی بوری بند لاش برآمد ہوئی ۔تاہم مقتول کی شناخت نہ ہوسکی ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا ۔گارڈن تھانے کی حدود پاکستان کوارٹر کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 36سالہ رحمن ،مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن نمبر 10فقیر کالونی میں عمران اور اسماعیل ولد اللہ بخش ،اسٹیل ٹاوٴن تھانے کی حدود بن قاسم پیپری گوشت مارکیٹ میں فائرنگ سے 16سالہ شکیل ولد ارشاد اور 50سالہ راشد ولد شریف زخمی ہوگئے ۔

تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ،جہاں پر رحمن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ادھر پولیس نے کیماڑی میں کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے اہم کارندے ملا نذیرولد محمد یعقوب کو مار گرایا۔ایس ایس پی ناصر آفتاب کے مطابق ساوتھ زون پولیس نے کیماڑی میں کارروائی کی جس میں لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر ماراگیا، ملانذیر عزیر بلوچ کا قریبی ساتھی تھا،اورٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں سمیت سو سے زائد مقدمات میں ملوث تھا،ایس ایس پی ناصر آفتاب کے مطابق ملزم کے قبضے سے دو دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ملزم کے سر کی قیمت پچیس لاکھ مقرر تھی۔قبل ازیں عباس ٹاوٴن میں نامعلوم ملزمان نے پولیس موبائل پر دو کریکر حملے کئے جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ا بھی تک کسی ملزم کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب پولیس نے گارڈن میں جوئے کے اڈے پر چھاپے کے دوران سات ملزمان دھر لیے۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ایسٹ زون پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران اشتہاری اور مفرور ملزمان سمیت 35ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ویسٹ زون پولیس نے چھاپوں کے دوران 24اور ساوٴتھ زون پولیس نے 36ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اورمسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :