جنوبی وزیرستان ،کار پر فائرنگ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چار عسکریت پسند ہلاک ،ایک زخمی ، واقعہ خان سید عرف سجنا اور ولی الرحمان گروپ کے درمیان جھڑپ تھی ،ذرائع

پیر 7 اپریل 2014 19:37

جنوبی وزیرستان ،کار پر فائرنگ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چار ..

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) قبائلی علاقے میں ایک کار پر فائرنگ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چار عسکریت پسند ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ذرائع نے پیر کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے جنوبی وزیرستان کے علاقے شکتوئی میں ایک کار پر فائرنگ کر دی۔ذرائع کے مطابق حملے میں مارے جانے والوں میں اہم کمانڈر کشید خان محسود بھی شامل ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ حکیم اللہ محسود گروپ کے ایک مقامی کمانڈر تھے۔

(جاری ہے)

دیگر ذرائع نے دعوی کیا کہ واقعہ دراصل خان سید عرف سجنا اور ولی الرحمان گروپ کے درمیان جھڑپ تھی۔طالبان ذرائع نے اب تک اپنے جنگجووٴں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی واضح رہے کہ اس سے پہلے فروری میں طالبان کے انتہائی اہم کمانڈر اور ٹی ٹی پی شوریٰ کے رکن عصمت اللہ شاہین بھٹانی شمالی وزیرستان میں ایک حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق بھٹانی کے قتل میں سجنا گروپ ملوث تھا کیونکہ بھٹانی نے حکیم اللہ محسود کے جانشین کے طور پر سجنا کی مخالفت اور ملا فضل اللہ کی حمایت کی تھی۔